فجیرہ کے قریب تجارتی جہاز پر حملہ، اسٹیئرنگ سسٹم کو شدید نقصان پہنچ گیا
ابوظبی: متحدہ عرب امارات کی اہم بندرگاہ فجیرہ کے قریب ایک تجارتی جہاز نامعلوم حملے کا نشانہ بن گیا، جس سے اس کے اسٹیئرنگ سسٹم کو نقصان پہنچا۔
خبر رساں اداروں کے مطابق واقعے کے بعد متعلقہ بحری حکام نے تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ علاقے سے گزرنے والے تمام تجارتی جہازوں کو غیر معمولی احتیاط برتنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
برطانوی بحری تجارتی آپریشنز مرکز کے مطابق یہ واقعہ دبّا کے مشرق میں تقریباً 17 بحری میل کے فاصلے پر پیش آیا۔ جہاز کے عملے نے اطلاع دی کہ نامعلوم سمت سے آنے والا گولہ یا میزائل نما شے جہاز سے ٹکرائی، جس کے باعث اسٹیئرنگ سسٹم متاثر ہوا، تاہم عملے کا کوئی فرد زخمی نہیں ہوا۔
حکام کے مطابق واقعے کے بعد خلیج عمان اور آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کو کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سیکیورٹی ادارے حملے کی نوعیت اور ذمہ دار عناصر کا تعین کرنے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہے ہیں۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث خطے میں بحری سلامتی کے خدشات بڑھ چکے ہیں۔
حالیہ ہفتوں میں متعدد آئل ٹینکروں اور تجارتی جہازوں پر مشتبہ حملوں کی اطلاعات سامنے آ چکی ہیں، تاہم اس تازہ حملے کی ذمہ داری اب تک کسی گروپ یا ملک نے قبول نہیں کی۔