برطانوی ہائی کمشنرکی اسحاق ڈار سے ملاقات: دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال
اسلام آباد: نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی ہے جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں پاکستان برطانیہ تعلقات میں اعلیٰ سطح کے مسلسل روابط کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے پاکستان کے یوم آزادی پر مبارکباد دی۔ او ر انہوںنے پاکستانی طلبہ کے ویزوں میں تاخیر کا معاملہ حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات میں مثبت پیشرفت قابلِ تحسین ہے۔ اعلامیہ کے مطابق انہوں نے برطانوی وزیرخارجہ سے منیلا میں حالیہ ملاقات کا ذکر بھی کیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ملاقات میں علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر اس کی روح اور متن کے مطابق عملدرآمد ہونا چاہیے، زیر التوا مسائل کے حل کیلئے مذاکرات اور سفارتکاری ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔