کراچی: این سی سی آئی اےکا کال سینٹر پر چھاپہ، غیر ملکیوں سے فراڈ میں ملوث 6 ملزمان گرفتار
نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں ایک کال سینٹر پر کارروائی کرتے ہوئے مبینہ فراڈ میں ملوث 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
این سی سی آئی اے حکام کے مطابق کال سینٹر کے ذریعے مختلف اسکیمز کے تحت غیر ملکی شہریوں کو نشانہ بنایا جارہا تھا۔ ملزمان خود کو غیر ملکی بینکوں کے افسران ظاہر کرکے شہریوں سے رقوم وصول کرتے تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان غیر ملکی شہریوں کی ذاتی اور مالی معلومات، جن میں ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات بھی شامل تھیں، حاصل کرکے انہیں فراڈ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے استعمال کرتے تھے۔
کارروائی کے دوران کال سینٹر سے مبینہ فراڈ میں استعمال ہونے والے متعدد لیپ ٹاپس اور موبائل فونز بھی برآمد کیے گئے۔
این سی سی آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان میں کال سینٹر کے مالکان محمد لائق اور محمد فاضل سمیت دیگر ایجنٹس شامل ہیں۔
حکام نے بتایا کہ واقعے کا مقدمہ این سی سی آئی اے کراچی میں درج کرلیا گیا ہے، جبکہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔