محمد علی ملک اسٹیٹ بینک کے ڈپٹی گورنر مقرر، مدت 5 سال ہوگی
اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی حکومت نے محمد علی ملک کو فوری طور پر پانچ سال کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا ڈپٹی گورنر مقرر کردیا۔
فنانس ڈویژن کے انٹرنل فنانس ونگ کی جانب سے 10 اگست 2026 کو جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق محمد علی ملک کی تقرری اسٹیٹ بینک آف پاکستان ایکٹ 1956 کے سیکشن 11A(2) کے تحت کی گئی ہے، جس میں 2022 میں ترمیم کی گئی تھی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے محمد علی ملک کو فوری طور پر ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک تعینات کیا ہے۔
محمد علی ملک کو مانیٹری پالیسی، مارکیٹ آپریشنز اور مرکزی بینکاری کے انتظامی امور میں وسیع تجربہ حاصل ہے۔ ڈپٹی گورنر مقرر ہونے سے قبل وہ اسٹیٹ بینک میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے اور مانیٹری پالیسی کمیٹی سمیت مختلف اہم فورمز میں فعال کردار ادا کرتے رہے۔
اسٹیٹ بینک میں اپنے کیریئر کے دوران محمد علی ملک ڈومیسٹک مارکیٹس اور مانیٹری مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر کے اہم عہدے پر بھی فائز رہے، جہاں انہوں نے لیکویڈیٹی مینجمنٹ، حکومتی سیکیورٹیز اور ملکی منی مارکیٹس سے متعلق امور کی نگرانی کی۔
محمد علی ملک نے بین الاقوامی سطح پر بھی مختلف فورمز میں پاکستان کی نمائندگی کی، جن میں واشنگٹن میں قائم انٹرگورنمنٹل گروپ آف ٹوئنٹی فور (G24) بھی شامل ہے۔
انہوں نے ادائیگی اور سیٹلمنٹ نظام، کرنسی سویپ اور مقامی کرنسی میں سیٹلمنٹ کے نظام سے متعلق اصلاحات میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔