|

برطانوی وزیراعظم اینڈی برنہم نے امریکا کو فوجی اڈے استعمال کرنے کی اجازت دے دی

لندن: برطانیہ کے نئے وزیراعظم اینڈی برنہم نے ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائیوں کے لیے برطانوی فوجی اڈے استعمال کرنے کی اجازت برقرار رکھتے ہوئے سابق حکومت کی پالیسی کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم اینڈی برنہم نے امریکا کو ان کارروائیوں کے لیے برطانوی فوجی اڈے استعمال کرنے کی منظوری دی ہے جنہیں برطانیہ “دفاعی کارروائیاں” قرار دیتا ہے۔

رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے جمعہ کو سینئر وزرا اور اعلیٰ حکام کا ایک اہم اجلاس طلب کیا تھا، جس میں ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائیوں کے دوبارہ آغاز کے بعد برطانیہ کی حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈیاگو گارسیا اور آر اے ایف فیئرفورڈ کے فوجی اڈے امریکی طیاروں کے استعمال کے لیے بدستور دستیاب رہیں گے، تاکہ وہ ایرانی میزائل خطرات کا مقابلہ کر سکیں اور آبنائے ہرمز سے متعلق اہداف پر کارروائیاں جاری رکھ سکیں۔

رپورٹ کے مطابق پیر کے روز وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالنے والے اینڈی برنہم کو اجلاس کے فیصلوں سے آگاہ کیا گیا، جس کے بعد انہوں نے سابق حکومت کی پالیسی برقرار رکھنے سے اتفاق کیا۔

اس فیصلے کے بعد امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ امریکا ایران کے خلاف جاری بعض فوجی آپریشنز میں برطانوی فوجی اڈوں سے بھی استفادہ کرے گا۔

دوسری جانب رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ برطانوی حکام امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران میں پلوں اور بجلی گھروں جیسے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے سے متعلق بیانات پر تشویش کا اظہار بھی کر رہے ہیں۔

خیال رہےکہ امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائیاں مسلسل دسویں روز بھی جاری رہیں، جن کے دوران ایرانی فوجی کمانڈ سینٹرز، میزائل لانچ سائٹس اور فضائی دفاعی نظام کو نشانہ بنایا گیا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے خلاف فوجی آپریشن مزید تیز کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم کیئر اسٹارمر کی حکومت نے بھی امریکا کو ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں کے لیے برطانوی فوجی اڈے استعمال کرنے کی اجازت دی تھی، جسے نئی حکومت نے بھی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *