|

ملک بھر میں ووٹرز کی تعداد کم، الیکشن کمیشن کی نئی رپورٹ جاری

اسلام آباد: رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد سے متعلق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تازہ انتخابی فہرستیں جاری کر دی ہیں، جن کے مطابق ملک بھر میں ووٹرز کی مجموعی تعداد میں تقریباً 5 لاکھ 89 ہزار 458 کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ نئی فہرستیں نادرا کے تازہ ڈیٹا کی بنیاد پر مرتب کی گئی ہیں تاکہ انتخابی ریکارڈ کو مزید شفاف اور درست بنایا جا سکے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق 7 مئی سے 2 جولائی 2026 کے دوران نادرا سے موصول ہونے والی معلومات کی روشنی میں انتخابی فہرستوں کو اپ ڈیٹ کیا گیا۔ اس عرصے میں 14 لاکھ 84 ہزار 382 ایسے افراد کے نام ووٹر لسٹوں سے نکالے گئے جن کی وفات نادرا کے ریکارڈ میں درج ہو چکی تھی، جبکہ 8 لاکھ 94 ہزار 924 نئے اہل شہریوں کو بطور ووٹر رجسٹر کیا گیا۔

تازہ اعدادوشمار کے مطابق ملک میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد کم ہو کر 13 کروڑ 65 لاکھ 74 ہزار 399 رہ گئی ہے، جبکہ اس سے قبل یہ تعداد تقریباً 13 کروڑ 71 لاکھ تھی۔

الیکشن کمیشن کی رپورٹ کے مطابق مرد ووٹرز کی تعداد میں تقریباً 4 لاکھ 50 ہزار جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد میں ایک لاکھ 38 ہزار کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

صوبہ وار صورتحال

اعدادوشمار کے مطابق سب سے زیادہ کمی پنجاب میں دیکھی گئی، جہاں 4 لاکھ 78 ہزار 909 ووٹرز کم ہوئے۔ اس کے بعد سندھ میں 97 ہزار 216 ووٹرز کی کمی سامنے آئی، جبکہ دیگر صوبوں میں بھی معمولی ردوبدل ریکارڈ کیا گیا۔

الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ انتخابی فہرستیں الیکشن ایکٹ کے سیکشن 25 کے تحت مسلسل نادرا کے ریکارڈ کی بنیاد پر اپ ڈیٹ کی جاتی ہیں۔ چونکہ ہر ووٹر کا اندراج قومی شناختی کارڈ سے منسلک ہوتا ہے، اس لیے ڈپلیکیٹ ووٹ کے اندراج کے امکانات نہایت کم رہ جاتے ہیں۔

کمیشن کا کہنا ہے کہ انتخابی فہرستوں کی باقاعدہ نظرثانی کا مقصد اہل ووٹرز کا درست ریکارڈ برقرار رکھنا اور آئندہ انتخابات کے لیے شفاف انتخابی عمل کو یقینی بنانا ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *