|

ا ردو مستقبل کے سرفروش

گزشتہ دنوں اردو کے مستقبل کے حوالے سے دو آراء نے چونکا دیا۔ معروف ادیبہ محترمہ نجیبہ عارف اپنی تدریسی زندگی کا نچوڑ بیان کرتے ہوئے کہتی ہیںکہ اردو زبان کا مستقبل دینی مدارس کے ساتھ وابستہ ہے کیونکہ مدارس کے طلباء اردو کو نہ صرف بہترطریقے سے جانتے اورسمجھتے ہیں بلکہ فارسی اور عربی سے واقفیت کی وجہ سے اردو کی جڑ سے بھی واقف ہیں۔ اپنے تجربے کی بنیاد پر وہ کہتی ہیں کہ ان طلباء کے ہاں زبان کا ذوق اور سمجھ بوجھ جامعات کے طلباء سے بہت بہتر ہے ۔
دوسری رائے میرے پسندیدہ کالم نگار محترم یاسر پیرزادہ کی طرف سے سامنے آئی ۔ پیرازدہ صاحب بڑی اثر انگیز اردو میں صراحت سے اپنا نکتہ نظر بیان کرتے ہیں۔ انہوں نے اپنے ایک حالیہ کالم میںمحترمہ نجیبہ عارف کی بات پر تبصرہ کیا جو اپنی جگہ بہت دلچسپ بھی ہے اور اس سے مثبت مکالمے کا دروازہ بھی کھلتا ہے ۔ محترمہ کی بنیادی فکر سے اتفاق کرتے ہوئے وہ مدارس کے طلباء کی فصاحت،تلفظ، اعراب اور مخارج کی ادائیگی کا اعتراف کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ آج کل کوئی تو ہے جس نے زبان کی لاج رکھی ہوئی ہے ۔مگر ان سب خصوصیات کے باوجود ان کا کہنا ہے کہ’’ مدرسے سے نکلنے والے اردو سے کیا کام لیتے ہیں؟ کیا وہ شاعری کرتے ہیں، افسانے لکھتے ہیں، ناول لکھتے ہیں؟ نہیں، وہ مذہب کی تبلیغ کرتے ہیں جو بلاشبہ دینی خدمت ہے مگر اس سے اردو کی صحت پر کوئی خاطر خواہ اثر نہیں پڑتا‘‘۔ اپنی بات کا خلاصہ کرتے ہوئے وہ لکھتے ہیں’’اردو کا مستقبل کسی کمرے میں بیٹھ کر رٹے جانے والے قواعد میں نہیں بلکہ گٹار کی تاروں اور طبلے کی تھاپ پر گونجنے والے گیتوں میں محفوظ ہے‘‘ ۔
بلا شبہ کسی بھی زبان کی وسعت اور گہرائی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاتا ہے کہ اس زبان میں تخلیقی ادب( ناول، افسانہ، ڈرامہ، شاعری وغیرہ) کتنا لکھا اور پڑھا جاتا ہے اور اردو اس حوالے سے کسی بھی بڑی زبان کا مقابلہ کرتی نظر آتی ہے۔ لیکن آج ہمارا المیہ صرف یہ نہیں کہ ادبی تخلیقات معدوم ہو رہی ہیں، بلکہ اردو زبان کو لکھنے ، پڑھنے اور سمجھنے والوں کی تعداد میں بھی کمی آرہی ہے ۔
اردو گفتگو کی زینت ہو، تحریر کا حسن ہو ، لطف مطالعہ ہو یا اسے گیتوں اور موسیقی کی شکل میں ڈھال کر پیش کیا جائے، یہ سب اردو کی ترویج کا ذریعہ ہیںاور سب کی اپنی جگہ اہمیت ہے۔مدرسے کا طالب علم افسانہ ، ناول نہیں لکھتا، شاعری نہیں کرتا مگرغور طلب ہے کہ مدرسے کا طالب علم اتنی فصاحت، بلاغت اور علم الکلام پر دسترس کہاں سے حاصل کر رہاہے۔ یقینا یہ اردو میں لکھی وہ مذہبی کتب ہیں جن کی شب و روز سنگت نے اس کے اندر موجودیہ فن تراشا ہے۔ یہ امر قابل غور ہے کہ دینی علوم و فکر کی ترویج کے لئے جن علمائے کرام نے اردو میں کتب لکھیں، ان سب کو ہم کیا کہیں گے؟ کیا مولانا مودودی کی تصانیف دینی خدمات کے ساتھ ساتھ اردو ادب کا شاہکار نہیں ہیں؟ علامہ شبیر احمد عثمانی، حافظ صلاح الدین یوسف، علامہ شبلی نعمانی اور نعیم صدیقی کی مذہبی تحریریں یقینااردو زبان وادب کابھی سرمایہ ہیں۔
یہ بات درست ہے کہ جب اچھی اور معیاری شاعری موسیقی اور سر میں لپٹ کر آتی ہے تو اردو زبان کو بھی ایک جوبن عطا ہوتا ہے۔ ا سی طرح افسانے، ناول اورفکشن، جس نے جو بھی تخلیق کیا، اس نے اردو زبان ادب کو فروغ دیا۔یہ بات مگر قابل توجہ ہے کہ موسیقی اگر مستقبل ہے تو وہ صرف شاعری کے فروغ میں معاون ثابت ہو گی۔ ناول، افسانہ تو ڈھول کی تھاپ پر سنایا نہیں جا سکتا۔ مذکورہ کالم نگار نے چند گلوکاروں کا نام لیا کہ ان کا بھی اردو کی ترویج میں ایک کردار ہے۔ بلاشبہ یہ کردار نظر آتا اور یہ زاویہ نگاہ بھی سامنے آنا چاہیے مگر کیا کسی گلوکار نے کبھی کوئی افسانہ یا ناول لکھا؟ کیا محمد رفیع’’ بیدی‘‘ جیسے افسانے بھی لکھتا تھا؟ اگرکوئی گلوکار افسانہ ، ناول لکھے بنامحض الفاظ کی خوبصورت ادائیگی پربجا طور پر ا ردو کے فروغ کا اہم عنصرسمجھا جاتا ہے تو پھر فصاحت کے ساتھ الفاظ کی صحیح ادائیگی پر مدرسے کا ایک طالب علم یا کوئی بھی اچھی اردو بولنے والا لائقِ تحسین ہے۔
لیکن کیا یہ اخذ کرنا درست ہو گا کہ دین اور اسلام سے وابستہ کسی مذہبی شخصیت نے اردو زبان میں کوئی تخلیقی کام نہیں کیا ؟۔ حضرت احمد رضا خان بریلوی ، پیر سید نصیر الدین نصیر اور دور حاضر میں مفتی تقی عثمانی صاحب کی لکھی ہوئی حمد ونعت آج بھی زبان زد عام ہیں۔ مدارس تو دور کی بات ،خانقاہوں سے صوفیانہ کلام جب قوالی کی شکل میں گونجتا ہے تو دلوں میں ایک الگ ہی سماں باندھتا ہے۔ بہت سے گلوکار ہیں جنہوں نے صرف عارفانہ و صوفیانہ کلام پڑھ کر لوگوں کے دلوں میں مقام پایا۔ ان میں عابدہ پروین، صابری برادران، شوکت علی قابل ذکر ہیں۔ یہ موسیقی اور سروں سے نکلتا ہوا وہ کلام ہے جو نہ صرف دلوں میں پاکیزگی، روحانیت اور تزکیہ نفس پیدا کرنے کا موثر ذریعہ ہے بلکہ اردو زبان کو بھی تازگی بخشتا ہے۔ مولانا مودودی ہوں یا منٹو،مدرسے کا طالب علم ہو یا کوئی گلوکار، اردو مشاعرہ ہو یا مقابلہ نعت خوانی، سب ہی کچھ اردو کا فروغ ہے ۔ ۔ گلوکاروںمیں لتا منگیشکر کا ذکر کیا گیا۔ لتا کے مطابق ابتدائی ایام میں ان کا اردو تلفظ بے حد خراب تھا۔ اس کمزوری کو دور کرنے کے لئے انہوں نے باقاعدہ ایک مسلم گھرانے کے استاد ’’ مولانا محبوب ‘‘ کی خدمات حاصل کیں جو انہیں اردو اور اس کا درست تلفظ سکھاتے تھے۔ یوں لتا کی خوبصورت تلفظ کے ساتھ اردو ادائیگی کا سلسلہ بھی کہیں جا کر کسی مدرسے کے مولانا سے ہی جڑتا دکھائی دیتا ہے۔
توجہ کی ضرورت ہے کہ آج کا نوجوان اردو لکھنے اور پڑھنے میں کیوں کمزور ہو رہاہے۔ ڈیجیٹل دنیا کی چکاچوند اس سے قلم چھین رہی ہے۔ اردو زبان کی دوری سے معاشرے سے نفاست، نذاکت، تہذیب اور شائستگی جیسے اوصاف بھی زوال پذیر ہو رہے ہیں۔ اردو کو تدریسی نظام میں ایک زبان کے طور پر فروغ دے کر ہی ہم اردو کا مستقبل بچا سکتے ہیں۔سکولوں ،کالجوں جامعات اور مدرسوں میں اردو ادب، شاعری ،مباحثوں اور تقریر نویسی جیسی مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔کوئی شک نہیں کی مدرسے کے طالب علم میں ادبی ذوق جگایا جائے تو وہ اردو کے بہترین تخلیق کار بن سکتے ہیں۔
کیا یہ بھی ضروری ہے کہ زبان کی خدمت کوئی اہل زبان ہی کرے جس کا تعلق اردو بولنے، پڑھنے اور لکھنے سے ہو؟ اردو کا مستقبل ان افراد کے ہاتھوں میں بھی ہے جن کی زبان کمپیوٹر ہے،جن کا نہ مدرسے سے تعلق ہے، نہ وہ افسانہ، ناول یا شاعری کرتے ہیں اور نہ ہی وہ گلوکار ہیں۔ موجودہ ڈیجیٹل دور کاغذ کو نگل رہاہے۔ ایسے میں وہ آئی ٹی ماہرین اور انجینئرز جنہوں نے اردو ٹائپنگ کا سافٹ ویئر اور موبائل فون پر اردو ’’ کی بورڈ‘‘ متعارف کروایا، اردو کی ترویج اور اسے زندہ رکھنے کا ذریعہ بنے ہیں اور یہی اردو کے مستقبل کے اہم جزو ہیں۔ہم اردو میں جتنا کچھ بھی پڑھ رہے ہیں، چاہے کتابوں ، رسائل، اخبارات کی شکل میں ہو یا سکرین پر ڈیجیٹل اردو کی صورت، یہ سب ہمارے ان ماہرین کی بدولت ہے۔ زرا سوچئے یہ سہولت نہ ہوتی تو ہم اور ہماری اردو آج کہاں کھڑی ہوتی ؟

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *