|

سیلابی صورتحال پر پنجاب میں اسکولوں کی چھٹیاں بڑھانے کی تجویز سامنے آگئی

لاہور: سیلابی صورتحال اور مون سون کی مسلسل بارشوں کے پیش نظر پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے کے متاثرہ علاقوں میں تعلیمی اداروں کی بندش میں توسیع کی سفارش کر دی ہے۔ سفارشات محکمہ اسکول ایجوکیشن کو ارسال کر دی گئی ہیں، جن پر حتمی فیصلہ صوبائی حکومت کرے گی۔

ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم اے نے اپنی رپورٹ میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ جن علاقوں میں سیلابی پانی اب بھی موجود ہے یا معمولات زندگی بحال نہیں ہو سکے، وہاں اسکول کھولنا طلبہ اور اساتذہ کی حفاظت کے لیے مناسب نہیں ہوگا۔ اسی لیے تجویز دی گئی ہے کہ متاثرہ علاقوں میں 20 اگست کو بھی تعلیمی سرگرمیاں بحال نہ کی جائیں اور حالات مکمل طور پر معمول پر آنے تک اسکول بند رکھے جائیں۔

رپورٹ میں یہ بھی سفارش کی گئی ہے کہ متاثرہ اضلاع میں اسکولوں اور دیگر سرکاری عمارتوں کو پہنچنے والے نقصانات کا فوری تخمینہ لگایا جائے تاکہ بحالی کے لیے فنڈز اور منصوبہ بندی بروقت مکمل کی جا سکے۔

پی ڈی ایم اے نے محکمہ مواصلات و تعمیرات (سی اینڈ ڈبلیو) کو بھی ہدایت دینے کی تجویز پیش کی ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں کے اسکولوں اور دیگر سرکاری عمارتوں کا تفصیلی سروے مکمل کرکے جامع رپورٹ تیار کرے، تاکہ مرمت اور بحالی کا عمل جلد شروع کیا جا سکے۔

حکام کا کہنا ہے کہ سیلابی صورتحال کے باعث طلبہ کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، اسی لیے متاثرہ علاقوں میں تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی کا فیصلہ زمینی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔

اب والدین، طلبہ اور اسکول انتظامیہ کی نظریں پنجاب حکومت کے حتمی فیصلے پر ہیں، جو پی ڈی ایم اے کی سفارشات کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *