نادرا کی اقلیتی برادری کیلئے خصوصی رجسٹریشن مہم، اہم سہولت فراہم کردی
اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے اقلیتی برادری کے لیے خصوصی سہولت فراہم کرتے ہوئے رجسٹریشن مہم کا آغاز کردیا۔
تفصیلات کے مطابق اقلیتوں کے قومی دن کے سلسلے میں نادرا کی جانب سے 10 سے 13 اگست تک خصوصی رجسٹریشن مہم جاری ہے۔ اس مہم کے تحت موبائل رجسٹریشن وین کے ساتھ خصوصی ٹیمیں اقلیتی برادری کی زیادہ آبادی والے علاقوں کا دورہ کر رہی ہیں۔
نادرا کے مطابق خصوصی ٹیموں کے ذریعے شہریوں کو شناختی خدمات ان کے گھر کے قریب فراہم کی جارہی ہیں، تاکہ انہیں رجسٹریشن اور شناختی دستاویزات سے متعلق سہولیات کے حصول میں آسانی ہو۔
اتھارٹی نے اقلیتی برادری کے افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں آنے والی موبائل رجسٹریشن ٹیموں سے فراہم کی جانے والی سہولیات سے فائدہ اٹھائیں اور اپنی قانونی شناخت یقینی بنائیں۔
موبائل رجسٹریشن وین میں اہم سہولت
نادرا کی موبائل رجسٹریشن وین میں آئرس اسکین کی سہولت بھی دستیاب ہے۔ نادرا نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بغیر کسی اضافی فیس کے اپنا آئرس اسکین کروائیں۔
نادرا کا کہنا ہے کہ تمام شہری اس خصوصی سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں تاکہ شناختی ریکارڈ سے متعلق ضروری امور بروقت مکمل کیے جاسکیں۔