ربیع الاول کا چاند کب نظر آئے گا؟ سپارکو نے اہم پیشگوئی کردی
اسلام آباد: ربیع الاول کے چاند کی رویت کے حوالے سے سپارکو نے اہم پیشگوئی جاری کرتے ہوئے یکم ربیع الاول کی ممکنہ تاریخ بتادی۔
تفصیلات کے مطابق سپارکو کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ربیع الاول کے چاند کی پیدائش 12 اگست کو رات 10 بج کر 37 منٹ پر ہونے کا امکان ہے۔
اعلامیے کے مطابق 13 اگست کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی ممکنہ عمر تقریباً 20 گھنٹے 53 منٹ ہوگی۔ پاکستان کے ساحلی علاقوں میں غروب آفتاب اور غروب قمر کے درمیان تقریباً 32 منٹ کا وقفہ متوقع ہے۔
سپارکو نے پیشگوئی کی ہے کہ 13 اگست کی شام ربیع الاول کا چاند انسانی آنکھ اور دوربین کے ذریعے بھی نظر نہیں آسکے گا۔
یکم ربیع الاول 15 اگست کو ہونے کا امکان
سپارکو کے مطابق موجودہ فلکیاتی حسابات کی بنیاد پر یکم ربیع الاول 15 اگست 2026 بروز ہفتہ کو ہونے کا امکان ہے۔
اگر یکم ربیع الاول 15 اگست کو ہوتی ہے تو 12 ربیع الاول 26 اگست 2026 بروز بدھ کو متوقع ہوگی۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے بھی یکم ربیع الاول 1448 ہجری 15 اگست 2026 کو ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
حتمی فیصلہ رویت ہلال کمیٹی کرے گی
سپارکو کی جانب سے جاری پیشگوئی کے باوجود ربیع الاول کے چاند کی حتمی رویت اور نئے اسلامی مہینے کے آغاز کا فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان بھر میں عید میلاد النبی ﷺ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جاتی ہے۔ اس موقع پر مختلف علاقوں میں میلاد کی محافل، سیرت کانفرنسز، جلوس اور دیگر مذہبی تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔