پرائز بانڈ نتائج جاری، 40 ہزار اور 25 ہزار والے بانڈز کے فاتحین کا اعلان
سیالکوٹ: پرائز بانڈ رکھنے والے شہریوں کے لیے اہم خبر سامنے آگئی، قومی بچت نے 40 ہزار اور 25 ہزار روپے مالیت کے پرائز بانڈز کی قرعہ اندازی کے نتائج جاری کرتے ہوئے خوش نصیب فاتحین کے نام اور انعامی رقوم کی تفصیلات بتا دی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق 40 ہزار روپے مالیت کے پرائز بانڈ کی قرعہ اندازی سیالکوٹ میں منعقد ہوئی، جبکہ 25 ہزار روپے والے پرائز بانڈ کی قرعہ اندازی کوئٹہ میں ہوئی۔ دونوں قرعہ اندازیوں کے بعد انعام جیتنے والے بانڈ نمبرز کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
40 ہزار روپے والے پرائز بانڈ کے پہلے انعام کے طور پر 8 کروڑ روپے کی رقم رکھی گئی تھی، جو بانڈ نمبر 308105 کے نام نکلی۔ اس کے علاوہ دوسرے انعام کے لیے 3 کروڑ روپے کے تین انعامات رکھے گئے تھے۔ یہ انعام بانڈ نمبرز 282397، 765216 اور 222525 نے حاصل کیے۔
اسی قرعہ اندازی میں تیسرے انعام کے تحت مجموعی طور پر 700 خوش نصیب بانڈ مالکان کو 5 لاکھ روپے فی کس دیے جائیں گے۔
دوسری جانب 25 ہزار روپے مالیت کے پرائز بانڈ کی قرعہ اندازی میں بھی شہریوں کے لیے بڑے انعامات رکھے گئے تھے۔ اس میں پہلے انعام کے طور پر 3 کروڑ روپے کے دو انعامات شامل ہیں، جبکہ دوسرے انعام کے تحت 1 کروڑ روپے کے 5 انعامات رکھے گئے ہیں۔
25 ہزار روپے والے پرائز بانڈ کی قرعہ اندازی میں تیسرے انعام کے 700 فاتحین کا بھی اعلان کیا گیا ہے، جنہیں 3 لاکھ روپے فی کس دیے جائیں گے۔
پرائز بانڈ رکھنے والے افراد اپنے انعامی بانڈ نمبرز کی تصدیق قومی بچت کی سرکاری ویب سائٹ کے ذریعے کرسکتے ہیں۔ اس کے لیے ویب سائٹ پر ’’Prize Bond Results‘‘ یا ’’Draw Search‘‘ کا آپشن منتخب کرکے متعلقہ بانڈ کی مالیت، ڈرا نمبر یا تاریخ درج کرنا ہوگی۔
آن لائن فہرست دستیاب ہونے کی صورت میں صارف پی ڈی ایف فائل ڈاؤن لوڈ کرکے اپنے بانڈ نمبر کو تلاش کرسکتا ہے۔ بانڈ نمبر انعامی فہرست میں موجود ہونے کی صورت میں متعلقہ فرد قریبی نیشنل سیونگز سینٹر یا متعلقہ بینک برانچ سے انعامی رقم کلیم کرنے کے طریقہ کار سے متعلق معلومات حاصل کرسکتا ہے۔
پرائز بانڈ رکھنے والے شہریوں کو چاہیے کہ انعامی نتیجہ چیک کرتے وقت بانڈ نمبر اور ڈرا کی تفصیلات احتیاط سے ملائیں تاکہ کسی ممکنہ غلطی سے بچا جاسکے۔