عالمی منڈی میں
|

عالمی منڈی میں تیل مہنگا، فی بیرل قیمت کہاں تک پہنچ گئی؟

لندن: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت ایک بار پھر تیزی سے بڑھ گئی، مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث برینٹ خام تیل 102 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گیا ہے جبکہ مارکیٹ میں مزید اضافے کے خدشات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں۔

بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں حالیہ تیزی کی بنیادی وجہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال کو قرار دیا جا رہا ہے۔ امریکہ اور ایران کے درمیان جاری شدید جنگی کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر تیل کی سپلائی اور مارکیٹ کے مستقبل سے متعلق خدشات میں اضافہ ہوا ہے، جس کا اثر خام تیل کے نرخوں پر بھی پڑ رہا ہے۔

تازہ کاروباری سرگرمی کے دوران برینٹ خام تیل کی قیمت میں 1.35 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد برینٹ کی فی بیرل قیمت 102.58 ڈالر تک پہنچ گئی۔ دوسری جانب امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ یعنی ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت میں بھی 1.64 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 97.62 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کرنے لگا۔

اس سے قبل عالمی مارکیٹ میں خام تیل کے نرخوں میں معمولی کمی دیکھی گئی تھی۔ اس دوران برینٹ خام تیل 100.33 ڈالر جبکہ امریکی خام تیل 95.54 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گیا تھا، تاہم قیمتوں میں یہ کمی زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی۔

مارکیٹ کے اعداد و شمار کے مطابق اس سے پہلے مسلسل چار کاروباری سیشنز میں بھی تیل کی قیمتوں میں تقریباً 7 ڈالر فی بیرل کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا جا چکا ہے۔

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں مسلسل اتار چڑھاؤ کے باعث آنے والے دنوں میں بھی مارکیٹ کی سمت پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔ مشرق وسطیٰ کی صورتحال میں کسی بھی نئی پیش رفت کا براہ راست اثر عالمی تیل کی قیمتوں پر پڑنے کا امکان ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *