کھیت میں چھپائے
|

کھیت میں چھپائے لاکھوں روپے کا ایک سال بعد ایسا انجام، کسان کے ہوش اڑ گئے

راجستھان: بھارت میں ایک کسان کو بیٹوں سے رقم چھپانے کے لیے کھیت میں دفن کیے گئے لاکھوں روپے ایک سال بعد واپس ملے، تاہم بیشتر رقم دیمک کھا چکی تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق راجستھان کے ایک گاؤں میں کسان نے تقریباً ایک سال قبل اپنی زمین کا ایک حصہ 5 لاکھ روپے میں فروخت کیا تھا۔ کسان کو خدشہ تھا کہ اگر رقم گھر میں رکھی تو اس کے بیٹے اسے خرچ کرسکتے ہیں، اسی لیے اس نے رقم پلاسٹک کے بیگ میں ڈال کر کھیت میں گڑھا کھود کر دفن کردی۔

رپورٹس کے مطابق رقم چھپانے کے کچھ عرصے بعد کسان اس جگہ کو بھول گیا۔ بعد ازاں گھر میں تعمیراتی کام کے لیے رقم کی ضرورت پیش آئی تو اسے کھیت میں چھپائی گئی رقم یاد آگئی۔

کسان نے پورے کھیت میں رقم تلاش کی، تاہم اسے کامیابی نہ مل سکی۔ اس نے بعد میں اہلخانہ کو بھی واقعے سے آگاہ کیا، لیکن گھر والوں کو اس کی بات پر یقین نہیں آیا۔ اس کے باوجود خاندان نے مل کر رقم تلاش کرنے کی کوشش کی، مگر پیسے نہیں ملے۔

مون سون میں پانی کے ساتھ رقم کا بیگ باہر آگیا
تقریباً ایک سال بعد مون سون کے دوران کھیت میں پانی جمع ہونے لگا تو ایک بیگ پانی کے ساتھ تیرتا ہوا نظر آیا۔ کسان نے اہلخانہ کے ہمراہ بیگ کھولا تو اندر رقم موجود دیکھ کر حیران رہ گیا۔

تاہم خوشی زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی کیونکہ بیگ میں موجود زیادہ تر 500 روپے کے نوٹ دیمک سے بری طرح متاثر ہوچکے تھے اور ناقابل استعمال حالت میں پہنچ گئے تھے۔

اہلخانہ متاثرہ رقم لے کر بینک بھی پہنچے، تاہم رپورٹ کے مطابق بینک حکام نے کسی قسم کی مدد کرنے سے انکار کردیا۔

یوں کسان کی جانب سے محفوظ رکھنے کے لیے کھیت میں چھپائی گئی 5 لاکھ روپے کی جمع پونجی ایک سال بعد سامنے تو آگئی، لیکن دیمک کے باعث اس کا بڑا حصہ ضائع ہوچکا تھا۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *