|

نیوزی لینڈ میں پہلی بار H5 برڈ فلو وائرس کی تصدیق، ایمرجنسی نگرانی سخت

ویلنگٹن: نیوزی لینڈ میں پہلی مرتبہ خطرناک H5 برڈ فلو وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد متعلقہ اداروں نے نگرانی کا نظام مزید سخت کر دیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ دارالحکومت ویلنگٹن کے علاقے پیٹون بیچ پر مردہ پائے جانے والے ایک براؤن اسکوا سمندری پرندے کے نمونوں میں وائرس کی موجودگی ثابت ہوئی ہے۔

بایو سیکیورٹی اور فوڈ سیفٹی کے وزیر اینڈریو ہوگارڈ نے بتایا کہ وائرس صرف ایک جنگلی سمندری پرندے میں پایا گیا ہے اور فی الحال اس کے وسیع پیمانے پر پھیلنے یا جنگلی پرندوں کی غیر معمولی اموات کے شواہد نہیں ملے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے کسی پولٹری فارم میں بھی اب تک وائرس کی موجودگی رپورٹ نہیں ہوئی۔

یہ پیش رفت آسٹریلیا میں گزشتہ ماہ H5 برڈ فلو کی تصدیق کے بعد سامنے آئی ہے، جس سے نیوزی لینڈ بھی اس وائرس سے متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں شامل ہو گیا ہے۔

حکام کے مطابق صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ کسی ممکنہ وبا کو بروقت روکا جا سکے۔

وزیر نے واضح کیا کہ عام شہریوں کے لیے اس وائرس کا خطرہ نہایت کم ہے کیونکہ انسانوں میں اس کی منتقلی کے لیے متاثرہ پرندوں سے قریبی اور مسلسل رابطہ ضروری ہوتا ہے۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ مرغی کا گوشت اور انڈے استعمال کرنا محفوظ ہے۔

حکام کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بیمار یا مردہ پرندوں کو ہاتھ نہ لگائیں اور اگر کسی مقام پر تین یا اس سے زیادہ مردہ یا بیمار پرندے نظر آئیں تو فوری طور پر متعلقہ اداروں کو اطلاع دیں۔

انہوں نے کہا کہ نایاب پرندوں کے تحفظ کے لیے احتیاطی طور پر کاکاپو اور تاکاہے سمیت 300 افزائشی پرندوں کی ویکسینیشن بھی شروع کر دی گئی ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *