پاکستان کو صوبوں میں وسائل کی تقسیم کے موجودہ نظام پر نظرثانی کی ضرورت ہے: یو این ڈی پی
اسلام آباد: اقوامِ متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں ترقیاتی پالیسیوں کی تشکیل اور ان پر مقامی سطح تک مؤثر عملدرآمد کے درمیان نمایاں فرق موجود ہے، جسے دور کرنا ناگزیر ہے۔
وزارتِ منصوبہ بندی کے زیرِ اہتمام “ایک قوم کا تبدیلی کا موڑ: پاکستان کی آبادی اور ترقی” کے عنوان سے اسٹریٹجک ڈائیلاگ کا انعقاد کیا گیا، جہاں ڈیولپمنٹ ایڈووکیٹ پاکستان کے 50ویں شمارے کی بھی رونمائی کی گئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان اس وقت اپنی ترقیاتی تاریخ کے ایک اہم اور فیصلہ کن مرحلے سے گزر رہا ہے، جہاں مؤثر پالیسی سازی اور بروقت عملدرآمد کی اشد ضرورت ہے۔
اس موقع پر یو این ڈی پی نے اپنی رپورٹ میں زور دیا کہ ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے موجودہ نظام میں اصلاحات ناگزیر ہیں۔ ادارے کے مطابق وسائل کی صوبوں میں تقسیم کے موجودہ طریقہ کار پر بھی نظرثانی ہونی چاہیے تاکہ فنڈز کی تقسیم صرف آبادی کی بنیاد پر نہ ہو بلکہ ترقیاتی کارکردگی، ضروریات اور دیگر اہم عوامل کو بھی مدنظر رکھا جائے۔