متحدہ عرب امارات نے پاکستانیوں کے لیے وزٹ ویزوں کا اجرا دوبارہ شروع کر دیا
ابوظہبی: متحدہ عرب امارات نے رجسٹرڈ ٹریول ایجنٹس کے ذریعے درخواست دینے والے پاکستانی شہریوں کے لیے وزٹ ویزوں کا اجرا دوبارہ شروع کر دیا ہے، جس سے گزشتہ کئی ماہ سے جاری غیر یقینی صورتحال میں نمایاں کمی آنے کی توقع ہے۔ سفری صنعت سے وابستہ نمائندوں کے مطابق نئے فیصلے کے بعد رجسٹرڈ اور مجاز ٹریول ایجنٹس کے ذریعے جمع کرائی جانے والی وزٹ ویزا درخواستوں پر دوبارہ کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ اس سے قبل کئی ماہ سے ویزوں کے اجرا میں سست روی یا غیر یقینی صورتحال کے باعث ہزاروں پاکستانی شہریوں، ٹریول ایجنسیوں اور کاروباری حلقوں کو مشکلات کا سامنا تھا۔
اس پیش رفت کی تصدیق پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفارتخانے کے ایک اہلکار نے بھی کی ہے،ویزا درخواستوں کی وصولی اور پراسیسنگ کا عمل دوبارہ فعال کر دیا گیا ہے، تمام درخواست گزاروں کو مقررہ شرائط اور دستاویزی تقاضے پورے کرنا ہوں گے۔
ٹریول ایجنٹس کا کہنا ہے کہ ویزوں کے اجرا کی بحالی سے سیاحت، کاروباری دوروں، خاندانی ملاقاتوں اور مختصر مدت کے سفر کی منصوبہ بندی کرنے والے پاکستانی شہریوں کو بڑی سہولت میسر آئے گی، گزشتہ چند ماہ کے دوران ویزا پالیسی سے متعلق غیر یقینی صورتحال کے باعث متعدد درخواستیں زیر التوا رہیں، جبکہ کئی افراد کو اپنے سفری منصوبے بھی مؤخر کرنا پڑے۔
سفری صنعت کے نمائندوں نے بتایا کہ رجسٹرڈ ٹریول ایجنٹس کے ذریعے درخواست جمع کرانے والے افراد کے لیے ویزا پراسیسنگ کا عمل پہلے کے مقابلے میں زیادہ منظم انداز میں آگے بڑھایا جا رہا ہے ، شہری صرف مجاز اور رجسٹرڈ ٹریول ایجنٹس سے ہی رابطہ کریں اور کسی بھی غیر مصدقہ ذریعے یا ایجنٹ کے ذریعے درخواست جمع کرانے سے گریز کریں۔