خیبرپختونخوا کابینہ کے
|

خیبرپختونخوا کابینہ کے جیل خانہ جات اور تحفظِ گواہان سمیت مختلف فیصلوں کی منظوری

خیبرپختونخوا کی کابینہ نے جیل خانہ جات، تحفظِ گواہان، گاڑیوں کی رجسٹریشن اور دیگر امور سے متعلق مختلف فیصلوں کی منظوری دے دی۔

وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شفیع جان نے صوبائی کابینہ اجلاس کے فیصلوں سے متعلق بیان میں بتایا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں صوبے کے مختلف انتظامی اور عوامی معاملات پر غور کیا گیا۔

شفیع جان کے مطابق کابینہ کو صوبائی محتسب کے دفتر کی کارکردگی رپورٹ 2025 بھی پیش کی گئی۔ کابینہ نے صوبائی محتسب کی رپورٹ خیبرپختونخوا اسمبلی میں پیش کرنے کی منظوری دے دی۔

صوبائی کابینہ نے جیل خانہ جات سے متعلق مختلف امور کی بھی منظوری دی۔ اجلاس میں معمولی نوعیت کے مقدمات میں قید قیدیوں کو 2 ماہ کی معافی دینے کی منظوری دی گئی جبکہ خصوصی معافی کے فیصلے کے بعد قواعد و ضوابط کے مطابق نوٹیفکیشن جاری کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی۔

کابینہ اجلاس میں تحفظِ گواہان سے متعلق امور بھی زیر غور آئے، جبکہ گاڑیوں کی رجسٹریشن کے حوالے سے بھی فیصلے کیے گئے۔ اس کے علاوہ 2 ماتحت یونٹس کے قیام، حکومت سے حکومت کے درمیان معاہدے اور نظرثانی شدہ نرخوں کی منظوری بھی دی گئی۔

وزیر اطلاعات شفیع جان نے بتایا کہ کابینہ کے اجلاس میں گلیات سے مری کو پانی کی تقسیم اور فراہمی کے طریقہ کار، پانی کے نرخوں اور واجبات کا معاملہ بھی پیش کیا گیا۔ کابینہ نے اس معاملے کو مشترکہ مفادات کونسل میں پیش کرنے کی منظوری دے دی۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت مختلف انتظامی معاملات کو قواعد و ضوابط کے مطابق آگے بڑھا رہی ہے اور کابینہ اجلاس میں عوامی سہولیات، انتظامی امور اور مختلف محکموں سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *