پاکستان اپنے دفاع
|

پاکستان اپنے دفاع اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے دفاع، آبی وسائل اور دیگر قومی مفادات کے تحفظ کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا، آج پاکستان اقوام عالم میں ایک مضبوط، پُرعزم، باوقار اور امن کی توانا آواز کے طور پر پہچانا جاتا ہے۔

وزیراعظم نے پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں پاکستان اور بیرون ملک مقیم تمام پاکستانیوں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی، آزادی کے 79 سال مکمل ہونے کا یہ پُرمسرت موقع پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے اور آج ہم تحریک آزادی کے قائدین، کارکنان اور اپنے اسلاف کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی مدبرانہ اور بصیرت افروز قیادت، ہمارے آباؤ اجداد کی عظیم قربانیوں، تحریک آزادی کے رہنماؤں کے غیرمتزلزل عزم اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے آزاد مملکت کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا۔ تحریک آزادی کے رہنماؤں کی ولولہ انگیز سیاسی جدوجہد نے مسلمانانِ ہند کو آزاد وطن کے حصول کے مقصد پر متحد کیا جبکہ ہمارے آباؤ اجداد نے لازوال قربانیوں، صعوبتوں اور تکالیف کا سامنا کرتے ہوئے یہ جدوجہد کامیابی سے ہمکنار کی۔

انہوں نے کہا کہ 14 اگست 1947 کو ہمیں ایسی سرزمین حاصل ہوئی جہاں ہم آزاد قوم کی حیثیت سے عزت و وقار، دینی تعلیمات اور اپنی تہذیبی اقدار کے مطابق زندگی گزار سکتے ہیں۔ سرزمین پاکستان اسلامی تعلیمات اور بابائے قوم کے نظریات کے تابع تمام شہریوں کے لیے بلا تفریق رنگ و نسل مکمل آزادی کی ضمانت فراہم کرتی ہے جبکہ آئین اور قوانین تمام شہریوں کے حقوق کے ضامن ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا سفر تابناک مستقبل کی جانب گامزن ہے۔ دفاع وطن، معیشت، صنعت و حرفت، عدلیہ، میڈیا، کھیل، تعلیم و ہنر، زراعت، سائنس اور جدید ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں پاکستانی مرد و خواتین نے اپنی صلاحیتوں اور محنت سے عزم و ہمت کی نئی مثالیں قائم کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ باصلاحیت نوجوان، ہنرمند افرادی قوت، بہترین پیشہ ور ماہرین، جفاکش کسان اور محنت کش مزدور ملک و قوم کے روشن مستقبل کے ضامن ہیں۔ حکومت نے گزشتہ ڈھائی سال کے دوران مشکل مراحل عبور کرتے ہوئے مستحکم معیشت کا ہدف حاصل کیا ہے اور اب پاکستان ترقی یافتہ معیشت کی منزل کی جانب آگے بڑھ رہا ہے۔

وزیراعظم کے مطابق گزشتہ 2 سال کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں 11.3 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا، جو حکومتی پالیسیوں پر اوورسیز پاکستانیوں کے مسلسل اعتماد کا مظہر ہے، جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی، جدت سے آراستہ صنعتی و زرعی ترقی، عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے، روزگار کے مواقع اور عالمی معیار کے تعلیم و ہنر کے نظام کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

شہباز شریف نے پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج نے ہر مشکل وقت اور دشمن کے ہر وار کا جواب دیتے ہوئے مادر وطن کے دفاع کو ناقابل تسخیر ثابت کیا ہے۔ پاکستان اپنی جری افواج پر فخر کرتا ہے، معرکہ حق میں مسلح افواج نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں اتحاد، عزم اور بے مثال بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے وطن عزیز کے دفاع اور سربلندی کی نئی تاریخ رقم کی۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنے دفاع اور آبی وسائل سمیت قومی مفادات کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا۔ پاکستان موجودہ مشکل علاقائی صورتحال کے باوجود امن، استحکام اور علاقائی تعاون کے فروغ میں تعمیری کردار ادا کر رہا ہے اور ایک ذمہ دار ریاست اور خطے میں استحکام کے ضامن ملک کے طور پر ابھرا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مکرمہ میں طے پانے والا مشترکہ دفاعی معاہدہ خطے میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے تزویراتی کردار اور ابھرتی ہوئی قوت کا اہم مظہر ہے۔

انہوں نے فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مظلوم فلسطینی عوام اور جموں و کشمیر کے بہنوں اور بھائیوں کی غیرمتزلزل حمایت جاری رکھے گا۔ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کی ضمانت جموں و کشمیر کے مسئلے کے اقوام متحدہ کی قراردادوں، عالمی قوانین اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق سفارتی حل میں پوشیدہ ہے۔

وزیراعظم نے یوم آزادی کے موقع پر مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں، غازیوں اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان بہادر سپوتوں کی مقروض ہے جنہوں نے ملک و قوم کے مستقبل کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

انہوں نے قوم پر زور دیا کہ آج کے دن قومی عزم کی تجدید کی جائے کہ سب مل کر پاکستان کی ترقی، خوشحالی، امن، استحکام، باہمی ہم آہنگی اور یگانگت کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔ وزیراعظم نے تمام طبقات اور سیاسی جماعتوں کو دعوت دی کہ وہ متحد ہو کر ملکی سالمیت اور قومی مفادات کے تحفظ و فروغ کے لیے تعمیری کردار ادا کریں۔

شہباز شریف نے اپنے پیغام کے اختتام پر دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو دنیا میں عزت و وقار کی علامت بنائے اور ملک کو مزید کامیابیوں سے نوازے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *