واشنگٹن میں نیتن یاہو کی آمد پر احتجاج، مظاہرین نے گرفتاری کا مطالبہ کردیا
عالمی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کی واشنگٹن میں ملاقات کے موقع پر وائٹ ہاؤس کے باہر فلسطینیوں کے حقوق کے حامی مظاہرین نے شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے غزہ میں جاری جنگ اور مشرقِ وسطیٰ میں اسرائیلی جارحیت کی فوری بندش کا مطالبہ کیا۔
وائٹ ہاؤس کے ارد گرد سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے تھے، تاہم سینکڑوں مظاہرین نے وائٹ ہاؤس کے قریبی راستوں پر جمع ہو کر فلسطین کے پرچم لہرائے اور نعرے بازی کی۔
مظاہرین نے امریکہ سے اسرائیل کو فراہم کی جانے والی امریکی فوجی امداد فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین کے ہاتھوں میں پلے کارڈز تھے جن پر “اسرائیل کو ہتھیار دینا بند کرو”، “نیتن یاہو جنگی مجرم ہے” اور بین الاقوامی فوجداری عدالت (ICC) کے وارنٹِ گرفتاری پر عملدرآمد کے مطالبات درج تھے۔
مظاہرین نے واضح کیا کہ فلسطین کی آزادانہ حیثیت کے بغیر خطے میں قائم کی جانے والی کوئی بھی یکطرفہ بات چیت یا معاہدہ قابِل قبول نہیں ہوگا۔