گرفتار مظاہرین کی رہائی نہ ہوئی تو دوبارہ احتجاج ہوگا: کاکروچ جنتا پارٹی
نئی دہلی: بھارت میں نوجوانوں کی تنظیم کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) نے حکومت کو متنبہ کیا ہے کہ اگر احتجاج کے دوران گرفتار کیے گئے کارکنوں اور طلبہ کو فوری طور پر رہا نہ کیا گیا تو ملک بھر میں دوبارہ احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق کروچ جنتا پارٹی کے ترجمان اشوتوش رنکا نے کہا کہ احتجاج کے اختتام کے بعد بھی انہیں خدشہ تھا کہ مختلف ریاستوں میں طلبہ اور مظاہرین کے خلاف مزید قانونی کارروائیاں کی جا سکتی ہیں، اسی لیے وہ مسلسل صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت نے مظاہرین سے کیے گئے وعدوں پر اب تک مکمل عمل درآمد نہیں کیا۔ اگر کل تک گرفتار افراد کو رہا نہ کیا گیا، ان کے خلاف درج مقدمات واپس نہ لیے گئے اور مزید مقدمات کے اندراج کا سلسلہ نہ روکا گیا تو تنظیم دوبارہ سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہوگی۔
اشوتوش رنکا کا کہنا تھا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ احتجاج کے بعد ہونے والے معاہدوں اور یقین دہانیوں کی پاسداری کرے، بصورت دیگر ملک کے مختلف حصوں میں احتجاج کا نیا مرحلہ شروع کیا جائے گا، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔
ترجمان نے مزید کہا کہ تنظیم اپنے کارکنوں اور طلبہ کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن آئینی اور جمہوری راستہ اختیار کرے گی، تاہم اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاجی تحریک دوبارہ شروع کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں رہے گا۔