پی ٹی آئی کی جماعت اسلامی کے دھرنوں کی حمایت، بیرسٹر گوہر کی 27 ستمبر کے لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت
لاہور: تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے جماعت اسلامی کے پیٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف جاری ملک گیر دھرنوں کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے جماعت اسلامی کو انصاف کے لیے ہونے والے پی ٹی آئی کے 27ستمبر والے لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت دینے کا اعلان کردیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ تحریک انصاف جماعت اسلامی کے دھرنے کی حمایت کرتی ہے۔ انہوں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی سے متعلق امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ حافظ نعیم الرحمن کی پریس کانفرنس خوش آئند ہے اور تحریک انصاف نے ہمیشہ جماعت اسلامی کے احتجاج کا ساتھ دیا ہے۔
بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن پیٹرولیم لیوی کے خاتمے اور عوام کو ریلیف دلانے کے لیے میدان میں نکلے ہوئے ہیں، ہم ان کے دھرنے کی حمایت کرتے ہیں۔ ہمارا بھی مطالبہ ہے کہ حکومت ایسے اقدامات کرے جن سے عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے اور مہنگائی کے بوجھ میں کمی آئے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ وہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن اور جماعت اسلامی کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ انصاف کے لیے ہونے والے تحریک انصاف کے لانگ مارچ میں ان کا ساتھ دیں، جماعت اسلامی کو باضابطہ طور پر لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت بھی دی جائے گی۔
دوسری جانب جماعت اسلامی کے پیٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف ملک گیر دھرنوں کا 29واں روز ہے۔ جماعت اسلامی کے مطابق لاہور، کراچی، پشاور، راولپنڈی، ہری پور اور سوات سمیت ملک بھر میں 35 سے زائد مقامات پر احتجاجی دھرنے اور کیمپ جاری ہیں، جبکہ 20 ستمبر کو اسلام آباد میں ہونے والے لانگ مارچ کی تیاریاں بھی بھرپور انداز میں جاری ہیں۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت مذاکرات میں جتنی تاخیر کرے گی، دھرنے اتنے ہی بڑھتے جائیں گے، عوام کو حقیقی ریلیف دلوانے تک جماعت اسلامی کی جدوجہد جاری رہے گی۔ حافظ نعیم الرحمن نے لانگ مارچ کے ساتھ ملک بھر میں دھرنے بھی جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے موٹرسائیکل، رکشے اور چھوٹی گاڑیوں کے لیے پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف دینے کی اسکیم کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ظالمانہ پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کی مسلسل جدوجہد کے نتیجے میں حکومت 100 روپے فی لیٹر ریلیف دینے پر مجبور ہوئی ہے۔
جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم لیوی کے خاتمے اور مہنگائی کے خلاف احتجاجی تحریک کا دائرہ مسلسل وسیع ہورہا ہے۔ کراچی، لاہور، پشاور، راولپنڈی، ہری پور اور سوات کے علاوہ سکھر، چترال اور تیمرگرہ سمیت 35 سے زائد مقامات پر دھرنے اور احتجاجی کیمپ جاری ہیں۔
جماعت اسلامی نے واضح کیا ہے کہ 20 ستمبر کے اسلام آباد لانگ مارچ کی تیاریوں کے ساتھ حکومت سے مذاکرات کا سلسلہ بھی جاری رکھا جائے گا، مطالبات پر مؤثر پیش رفت نہ ہونے کی صورت میں احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔