راولپنڈی میں ڈینگی وائرس کے 6 نئے کیسز رپورٹ
راولپنڈی: محکمہ صحت نے رواں سال راولپنڈی میں ڈینگی کے 6 مصدقہ کیسز سامنے آنے کی تصدیق کردی، تاہم اب تک بیماری کے باعث کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی۔ ڈینگی کی روک تھام کے لیے شہر بھر میں نگرانی اور لاروا کے خاتمے کی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔
محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال راولپنڈی میں 3 ہزار 450 افراد کی ڈینگی کے حوالے سے جانچ کی گئی، جس دوران 6 افراد میں بیماری کی تصدیق ہوئی جبکہ 192 افراد کے نتائج ڈینگی سے پاک قرار دیے گئے۔
اعداد و شمار کے مطابق ڈینگی کے شبہ میں 3 افراد کو مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا، تاہم جن مریضوں میں بیماری کی تصدیق ہوئی ان میں سے کسی کو اسپتال میں داخل کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
محکمہ صحت کے مطابق اگست کے دوران راولپنڈی میں ڈینگی کا کوئی نیا مریض سامنے نہیں آیا، جبکہ جولائی میں 4 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ جولائی میں سامنے آنے والے مریض ڈھوک حسو جنوبی، کوٹھہ کلاں اور کونٹریلا سمیت شہر کے مختلف علاقوں سے رپورٹ ہوئے۔
دوسری جانب ڈینگی کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لاروا کی موجودگی والے مقامات کے خلاف کارروائیاں بھی تیز کردی گئی ہیں۔ حکام کے مطابق لاروا کی نشاندہی اور ڈینگی سے متعلق حفاظتی اقدامات کی خلاف ورزیوں پر اب تک 1 ہزار 973 مقدمات درج کیے گئے، 537 مقامات سربمہر کیے گئے جبکہ 1 ہزار 778 چالان بھی کیے جاچکے ہیں۔
ڈینگی سے بچاؤ کے مقررہ حفاظتی اصولوں کی خلاف ورزی پر متعلقہ افراد اور مقامات کو مجموعی طور پر 21 لاکھ 24 ہزار روپے کے جرمانے بھی عائد کیے گئے ہیں۔
محکمہ صحت کے مطابق راولپنڈی میں ڈینگی کی نگرانی کے لیے مجموعی طور پر 415 بیرونی اور 985 اندرونی ٹیمیں سرگرم ہیں، جو مختلف علاقوں میں ممکنہ افزائش گاہوں، گھروں اور دیگر مقامات کا معائنہ کررہی ہیں۔
جاری نگرانی کے دوران راولپنڈی میں 42 لاکھ 96 ہزار سے زائد گھروں کی جانچ کی جاچکی ہے، جن میں سے 1 لاکھ 6 ہزار 993 گھروں میں ڈینگی کے حوالے سے مثبت نتائج سامنے آئے۔
حکام کے مطابق ڈینگی سرویلنس کے دوران مختلف مقامات پر 14 لاکھ 81 ہزار سے زائد مقامات کا بھی معائنہ کیا گیا، جبکہ 17 ہزار 348 مقامات پر ڈینگی لاروا کی موجودگی کی نشاندہی ہوئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یونین کونسل گر جا، گلستان کالونی اور رحیم آباد میں ڈینگی لاروا کی سب سے زیادہ موجودگی ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث ان علاقوں میں انسداد ڈینگی سرگرمیوں اور نگرانی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔
محکمہ صحت نے ڈھوک حسو، مورگاہ، ڈھوک منگٹال، کلیال، کمال آباد اور ڈھیری حسن آباد کو بھی ڈینگی لاروا کے حوالے سے حساس علاقوں میں شامل کیا ہے، جہاں ممکنہ افزائش گاہوں کی نشاندہی اور خاتمے کے لیے ٹیمیں متحرک ہیں۔
محکمہ صحت کے مطابق راولپنڈی میں ڈینگی کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جارہی ہے اور ممکنہ افزائش گاہوں کے خاتمے، گھروں اور مختلف مقامات کی جانچ سمیت انسداد ڈینگی کی دیگر سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ بیماری کے پھیلاؤ کو ابتدائی مرحلے میں ہی روکا جاسکے۔