| |

اسٹار فٹبالر رونالڈو کی شادی کب ہوگی؟ تاریخ سامنے آ گئی

پرتگال سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر اور سعودی کلب النصر کے اسٹار کرسٹیانو رونالڈو کی اپنی دیرینہ ساتھی جورجینا روڈریگز سے شادی کی تاریخ سامنے آگئی۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اور ان کی دیرینہ ساتھی جارجینا روڈریگیز کی شادی سے متعلق ایک بار پھر نئی اطلاعات سامنے آئی ہیں، دونوں رواں ماہ 8 اگست کو پرتگال کے خوبصورت جزیرے مڈیرا میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہو سکتے ہیں، تاہم اس حوالے سے تاحال دونوں شخصیات کی جانب سے کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق مجوزہ شادی کی تقریب مڈیرا کے شہر فنچل میں واقع تاریخی گرجا گھر میں انجام دی جائے گی، جس کے بعد مہمانوں کے اعزاز میں ایک معروف 5 ستارہ ہوٹل میں شاندار استقبالیہ منعقد کیے جانے کا امکان ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق شادی کی تیاریوں کے سلسلے میں متعلقہ لگژری ہوٹل کے 2 مکمل فلورز اور متعدد تفریحی مقامات کو جمعہ اور ہفتہ کے روز بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ہوٹل میں غیر معمولی انتظامات اور سخت رازداری نے ان اطلاعات کو مزید تقویت دی ہے کہ یہ تمام انتظامات رونالڈو اور جارجینا روڈریگیز کی شادی کے لیے کیے جا رہے ہیں۔

مڈیرا وہی جزیرہ ہے جہاں کرسٹیانو رونالڈو کی پیدائش ہوئی اور انہوں نے اپنی ابتدائی زندگی گزاری، اسی وجہ سے بھی اس مقام کو ان کی زندگی کے سب سے اہم دن کے لیے موزوں قرار دیا جا رہا ہے۔

اس سے قبل پرتگالی ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا تھا کہ رونالڈو اپنی شادی فیفا عالمی کپ 2026 کے بعد کریں گے، تاہم تازہ اطلاعات میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یہ تقریب اس سے پہلے ہی منعقد ہو سکتی ہے، اگرچہ اس کی سرکاری توثیق ابھی تک سامنے نہیں آئی۔

کرسٹیانو رونالڈو اور جارجینا روڈریگیز کی پہلی ملاقات 2016 میں ہوئی تھی، جس کے بعد دونوں کے درمیان تعلق مضبوط ہوتا گیا۔ بعد ازاں اگست 2025 میں دونوں نے منگنی کی، جبکہ اس وقت ان کے 5 بچے ہیں اور وہ طویل عرصے سے ایک ساتھ زندگی گزار رہے ہیں۔

رونالڈو نے ایک موقع پر انکشاف کیا تھا کہ جارجینا کو شادی کی پیشکش کرنے کے فیصلے میں ان کی بڑی بیٹی نے اہم کردار ادا کیا تھا اور اسی نے انہیں اس حوالے سے حوصلہ دیا تھا، جس کے بعد دونوں نے اپنے تعلق کو باقاعدہ رشتے میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *