سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کا دفاعی معاہدہ ایران کے لیے خطرہ نہیں، اسماعیل بقائی
تہران: ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان ہونے والا دفاعی معاہدہ ایران کے لیے خطرہ نہیں ہے۔
میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے اسماعیل بقائی نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں عدم تحفظ کی بنیادی وجہ امریکا ہے، خلیجی ممالک کو ایران کے خلاف حملوں کے لیے امریکا کو اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دینی چاہیے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اگر کسی تیسرے فریق کی مداخلت نہ ہو تو آبنائے ہرمز کو کھولا جا سکتا ہے، عمان کے ساتھ ہونے والا معاہدہ آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے تحفظ کی ضمانت نہیں دیتا اور آبنائے ہرمز سے متعلق عمان کے ساتھ معاہدے میں امریکا شامل نہیں ہے۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان فی الحال براہِ راست مذاکرات نہیں ہو رہے، ثالثوں کے ذریعے واشنگٹن کے ساتھ پیغامات کا تبادلہ جاری ہے، عبوری معاہدے کی خلاف ورزیاں جاری رہنے تک امریکا کے ساتھ مذاکرات نہیں کیے جائیں گے۔
ایرانی ترجمان نے ایک بار پھر واضح کیا کہ سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان دفاعی معاہدہ ایران کے لیے کسی خطرے کا باعث نہیں ہے۔