آزاد کشمیر الیکشن کا تیسرا مرحلہ، ن لیگ کا حکومت بنانے کا دعویٰ
اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے انتخابات میں شکست کو دھاندلی کے بیانیے کے ذریعے چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔
اسلام آباد میں امیر مقام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات لگانے والوں نے اب تک کوئی ثبوت پیش نہیں کیا، امید ہے پیپلز پارٹی آج الٹی گنتی کو سیدھا کرے گی اور مسلم لیگ ن کو کامیابی پر مبارکباد دے گی۔
رانا ثنا کا کہنا تھا کہ دھرنے دینے والے آزاد کشمیر کے انتخابات روکنا چاہتے تھے لیکن ایسا نہیں کرسکے، دھرنے والی قوتیں اب حقائق کا ادراک کرتے ہوئے احتجاج ختم کریں گی،حکومت مظاہرین کے جائز مطالبات پر نظرثانی کرے گی، ہتھیار اٹھانے اور دشمن کا آلہ کار بننے والوں کو قانون کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ ن دو تہائی اکثریت کے ساتھ حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے اور انتخابات کے تیسرے مرحلے کی تکمیل کے بعد آزاد کشمیر میں حکومت سازی کا عمل شروع ہوجائے گا۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر انتخابات کے تیسرے مرحلے میں بھی دھاندلی اور پولنگ تاخیر سے شروع ہونے کے الزامات عائد کیے ہیں۔پیپلز پارٹی کی جانب سے الیکشن کمیشن کو شکایات کرنے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔
ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کے مطابق آر او آفس کو اب تک کوئی تحریری شکایت موصول نہیں ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ تلخ کلامی کے چند واقعات پیش آئے جن پر فوری ایکشن لیا گیا، جبکہ کوئی شکایت موصول ہونے کی صورت میں بھی فوری کارروائی کی جائے گی۔