پاکستان کا انسانی بنیادوں پر 16 ہزار افغان شہریوں کو قیام میں توسیع دینے کا فیصلہ
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان سے کسی بھی ایسے افغان شہری کو بے دخل نہیں کیا گیا جس کے پاس قانونی ویزا یا دیگر سفری دستاویزات موجود تھیں۔
ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان طاہر اندرابی نے بتایا کہ آئی ایف آر پی کے تحت تقریباً 89 ہزار افغان شہریوں کے کیسز پر کارروائی جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر تقریباً 16 ہزار افغان خواتین، بچوں اور بزرگوں کے پاکستان میں قیام کی مدت میں توسیع کی جا رہی ہے۔
سرحدی صورتحال سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے طاہر اندرابی نے کہا کہ چترال کے قریب سرحدی علاقوں میں پیش آنے والے مبینہ واقعے کے حوالے سے تاحال کوئی مصدقہ معلومات دستیاب نہیں۔ ان کے مطابق افغانستان سے موصول ہونے والی اطلاعات کی زمینی سطح پر تصدیق ضروری ہے، اس لیے غیر مصدقہ رپورٹس پر تبصرہ کرنا مناسب نہیں۔