دوسرا ٹیسٹ: عبداللہ شفیق کی سنچری، پاکستان نے ویسٹ انڈیز کیخلاف 2 وکٹ پر 266 رنز بنالیے
پورٹ آف اسپین: پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ کے دوسرے روز شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز بنا لیے۔ یوں قومی ٹیم اب ویسٹ انڈیز کے پہلی اننگز کے 344 رنز کے مجموعے سے صرف 78 رنز پیچھے ہے۔
دوسرے روز ویسٹ انڈیز نے 239 رنز پر 5 وکٹوں سے اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا، تاہم کھانے کے وقفے سے قبل پوری ٹیم 344 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ میزبان ٹیم کی جانب سے جسٹن گریوز 73 اور روسٹن چیس 70 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
پاکستان کی طرف سے ساجد خان نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد علی، عبید شاہ اور علی عثمان نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
جواب میں پاکستان کا آغاز محتاط رہا۔ اوپنرز امام الحق اور اذان اویس نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 34 رنز جوڑے، تاہم امام الحق 14 رنز بنا کر شیمار جوزف کا شکار بن گئے۔
اذان اویس نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 55 رنز اسکور کیے۔ اس کے بعد عبداللہ شفیق اور بابر اعظم نے تیسری وکٹ کے لیے 168 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت قائم کر کے ٹیم کی پوزیشن مضبوط بنا دی۔
عبداللہ شفیق نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی چھٹی سنچری مکمل کی، جبکہ بابر اعظم نے بھی نصف سنچری اسکور کر کے دوسرے دن کے اختتام تک کریز پر اپنی موجودگی برقرار رکھی۔