پی ٹی آئی کی 27 ستمبر کی لانگ مارچ عمران خان کی رہائی نہیں، ان تک رسائی کے لیے ہوگی،سہیل آفریدی
پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی 27 ستمبر کو ہونے والی لانگ مارچ کا مقصد بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی نہیں بلکہ ان تک رسائی حاصل کرنا ہے جبکہ مارچ کی قیادت وہ خود کریں گے اور اسلام آباد پہنچنے کے بعد واپس نہیں آئیں گے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ 27 ستمبر کی لانگ مارچ کو وہ خود لیڈ کریں گے اور یہ ایک روزہ سرگرمی نہیں ہوگی، پی ٹی آئی کا قافلہ اسلام آباد پہنچ کر واپس نہیں جائے گا بلکہ وہاں قیام کرے گا،لانگ مارچ کا اعلان پاکستان تحریک انصاف اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنماؤں سے مشاورت کے بعد کیا گیا ہے، بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان بھی اس تحریک میں ساتھ ہوں گی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے لانگ مارچ کے بنیادی مقصد کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی اس تحریک کا مقصد عمران خان کی فوری رہائی نہیں بلکہ ان تک رسائی حاصل کرنا ہے،عمران خان کی رہائی آئین اور قانون کے مطابق ہی ہوگی، پارٹی قیادت اور کارکن بانی پی ٹی آئی تک رسائی کا مطالبہ کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں عمران خان تک رسائی سیاسی طور پر اہم معاملہ ہے اور اسی مقصد کے تحت لانگ مارچ کا فیصلہ کیا گیا ہے،تحریک کے ذریعے حکومت اور متعلقہ اداروں تک اپنا مؤقف پہنچایا جائے گا۔
27 ستمبر کی تاریخ مقرر کرنے کے حوالے سے سوال پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ لانگ مارچ کے لیے تقریباً ڈیڑھ ماہ بعد کی تاریخ دینے کا فیصلہ موسم اور تیاریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے، اتنے وقت میں کارکنوں اور پارٹی تنظیموں کو تیاری کا مناسب موقع ملے گا جبکہ موسم بھی لانگ مارچ کے لیے نسبتاً سازگار ہوگا،تحریک کو منظم انداز میں آگے بڑھانے کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کیے جائیں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ لانگ مارچ محض ایک دن کے احتجاج تک محدود نہیں ہوگی بلکہ اسلام آباد پہنچنے کے بعد اگلے لائحہ عمل کا فیصلہ حالات اور پارٹی قیادت کی مشاورت سے کیا جائے گا،وہ خود مارچ کی قیادت کریں گے اور کارکنوں کے ساتھ اسلام آباد میں موجود رہیں گے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تحریک کے حوالے سے پارٹی قیادت اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنماؤں کے ساتھ مشاورت جاری رہے گی،سیاسی اور آئینی معاملات کو اجاگر کرنے کے لیے کارکنوں کو متحرک کیا جارہا ہے۔
تحریک انصاف کی جانب سے اعلان کردہ لانگ مارچ کو پارٹی کے سیاسی لائحہ عمل کا اہم حصہ قرار دیا جارہا ہے جبکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مطابق اس کا مرکزی مطالبہ عمران خان تک رسائی اور ان سے ملاقات کا راستہ یقینی بنانا ہے۔