راولپنڈی: کرائے کے تنازع پر غیر ملکی خاتون اور ٹیکسی ڈرائیور میں جھگڑا، ویڈیو وائرل

راولپنڈی کی ایک مصروف سڑک پر غیر ملکی خاتون اور ٹیکسی ڈرائیور کے درمیان مبینہ طور پر کرائے کے تنازع پر ہونے والے جھگڑے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ غیر ملکی خاتون اور ٹیکسی ڈرائیور سڑک پر ایک دوسرے سے دست و گریباں ہیں، جبکہ موقع پر موجود شہری فوری طور پر مداخلت کرتے ہوئے دونوں کو الگ کرانے اور معاملہ ٹھنڈا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

ویڈیو کے دوران شہریوں نے ٹیکسی ڈرائیور سے جھگڑے کی وجہ دریافت کی تو اس نے مؤقف اختیار کیا کہ غیر ملکی خاتون ٹیکسی کا کرایہ ادا نہیں کر رہیں۔ ڈرائیور کے مطابق کرایہ 700 روپے بنتا تھا، تاہم خاتون کی جانب سے ادائیگی نہ کرنے پر دونوں کے درمیان تلخ کلامی جھگڑے میں تبدیل ہوگئی۔

موقع پر موجود افراد نے معاملہ حل کرانے کی کوشش کرتے ہوئے ٹیکسی ڈرائیور کو یقین دہانی کرائی کہ کرایے کی رقم ادا کر دی جائے گی، جس کے بعد دونوں فریقین کو پرسکون کروا کر جھگڑا ختم کرا دیا گیا۔

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں، تاہم اس معاملے کی مکمل وجوہات یا دونوں فریقین کا مؤقف سرکاری طور پر سامنے نہیں آیا۔

تاحال پولیس یا ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس واقعے کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *