حکومت نے نوجوانوں کو عالمی معیار کی ڈیجیٹل مہارتیں دینے کیلیے لائحہ عمل تیار کرلیا
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک میں ڈیجیٹل معیشت کو مضبوط بنانے اور نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کی غرض سے ملک گیر سطح پر جدید آئی ٹی کورسز شروع کرنے کا اہم فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد ملکی معاشی ترقی میں تیزی لانا ہے۔
وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں آئی ٹی تربیتی اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران نوجوانوں کو عالمی معیار کی مہارتیں فراہم کرنے اور آئی ٹی ماہرین کی تعداد میں اضافے کیلئے ایک جامع قومی لائحہ عمل تشکیل دیا گیا۔
شزہ فاطمہ نے تمام صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر جدید آئی ٹی کورسز اور عالمی معیار کے تربیتی پروگرامز کا آغاز کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی نوجوانوں کو عالمی مارکیٹ، فری لانسنگ اور ڈیجیٹل معیشت کے جدید تقاضوں کے مطابق تیار کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل دنیا میں مسابقت کے لیے ضروری ہے کہ ہمارے نوجوانوں کے پاس عصری ٹیکنالوجی کا علم ہو، جس سے نہ صرف انفرادی بلکہ ملکی سطح پر بھی معاشی خوشحالی کی راہیں ہموار ہوں گی۔ حکومت اس ضمن میں تمام تر وسائل بروئے کار لانے کے لیے پرعزم ہے۔
وفاقی وزیر نے تمام آئی ٹی تربیتی اداروں کو اپنی کارکردگی سے متعلق تفصیلی ہفتہ وار رپورٹ وزارت آئی ٹی کو جمع کرانے کی ہدایت بھی کی ہے۔ اس نگرانی کے نظام کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ تربیتی پروگرامز کا معیار برقرار رہے اور مقررہ اہداف وقت پر حاصل ہو سکیں۔
پاکستان میں آئی ٹی سیکٹر کی ترقی سے نہ صرف بے روزگاری میں کمی آئے گی بلکہ نوجوان اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ملکی زرمبادلہ میں بھی نمایاں اضافہ کرنے کے اہل ہوں گے۔
حکومت کی جانب سے شروع کیا جانے والا یہ اقدام ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کو عملی شکل دینے کی جانب ایک اہم اور ٹھوس قدم ثابت ہوگا۔