ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں جوس بٹلر نے روہت شرما کو پیچھے چھوڑ دیا
انگلینڈ کے وکٹ کیپر بلے باز جوس بٹلر نے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میں شاندار اننگز کھیل کر بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اہم سنگ میل عبور کرلیا۔
ساؤتھیمپٹن میں کھیلے گئے میچ میں جوس بٹلر نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 44 گیندوں پر 80 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 8 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے، جس کی بدولت انگلینڈ نے سری لنکا کے خلاف بڑا مجموعہ ترتیب دینے میں کامیابی حاصل کی۔
اس اننگز کے ساتھ ہی جوس بٹلر کے ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں رنز کی تعداد 161 میچوں میں 4292 ہوگئی ہے۔ اس کارکردگی کے بعد انہوں نے بھارت کے سابق کپتان روہت شرما کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، جنہوں نے اپنے ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کیریئر میں مجموعی طور پر 4231 رنز بنائے تھے۔
ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں اب جوس بٹلر دوسرے نمبر کے قریب پہنچ گئے ہیں، جبکہ ان سے آگے پاکستان کے بابر اعظم موجود ہیں۔
بابر اعظم نے 145 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچوں میں 4596 رنز بنا رکھے ہیں، یوں جوس بٹلر اور بابر اعظم کے درمیان اس فہرست میں 304 رنز کا فرق ہے۔
سری لنکا کے خلاف 80 رنز کی اننگز نے نہ صرف انگلینڈ کو میچ میں مضبوط پوزیشن دلائی بلکہ جوس بٹلر کو ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ کے نمایاں ترین بلے بازوں کی فہرست میں مزید اوپر پہنچا دیا۔