گوگل میپس میں نظر آنے والے مختلف رنگ کیا ظاہر کرتے ہیں؟ دلچسپ تفصیلات سامنے آگئیں
دنیا بھر میں کروڑوں افراد راستوں کی تلاش اور سفر کو آسان بنانے کے لیے گوگل نقشوں کا استعمال کرتے ہیں، تاہم بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ اس میں دکھائی دینے والے مختلف رنگ صرف نقشے کو خوبصورت بنانے کے لیے نہیں بلکہ ٹریفک، سڑکوں اور راستوں سے متعلق اہم معلومات فراہم کرنے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔
ٹیکنالوجی سے متعلق معلومات فراہم کرنے والے ادارے کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ چند برسوں کے دوران گوگل نے اپنی اس مقبول رہنمائی ایپ میں متعدد تبدیلیاں متعارف کرائی ہیں تاکہ استعمال کرنے والوں کو زیادہ واضح، آسان اور مؤثر تجربہ فراہم کیا جا سکے۔ ان بہتریوں میں مختلف رنگوں کے ذریعے ٹریفک کی صورتحال اور راستوں کی نشاندہی کا نظام نمایاں اہمیت رکھتا ہے۔
ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق گوگل نقشوں میں عام سڑکوں اور شاہراہوں کو سرمئی رنگ میں ظاہر کیا جاتا ہے، تاہم ان میں بھی فرق رکھا گیا ہے۔ رہائشی علاقوں کی گلیوں اور نسبتاً چھوٹی سڑکوں کے لیے ہلکا سرمئی رنگ استعمال ہوتا ہے جبکہ بڑی شاہراہیں اور اہم سڑکیں گہرے سرمئی رنگ میں دکھائی جاتی ہیں تاکہ دونوں میں آسانی سے فرق کیا جا سکے۔
رپورٹ کے مطابق اسی طرح ریلوے لائنوں کو بھی سرمئی رنگ میں ظاہر کیا جاتا ہے، لیکن انہیں باریک لکیروں کی صورت میں پیش کیا جاتا ہے تاکہ صارف فوری طور پر سمجھ سکے کہ یہ سڑک نہیں بلکہ ریل کا راستہ ہے۔
ٹریفک کی موجودہ صورتحال جاننے کے لیے گوگل نقشوں میں مخصوص پرت کا انتخاب کرنا پڑتا ہے، جس کے بعد مختلف رنگ سڑکوں پر گاڑیوں کی روانی اور ممکنہ تاخیر کی نشاندہی کرتے ہیں۔
اگر کسی سڑک پر سبز رنگ دکھائی دے تو اس کا مطلب ہوتا ہے کہ وہاں ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے اور سفر کے دوران کسی خاص رکاوٹ یا تاخیر کا امکان نہیں۔
اس کے برعکس پیلا یا نارنجی رنگ اس بات کی علامت ہوتا ہے کہ ٹریفک کی رفتار معمول سے کم ہے۔ پیلا رنگ نسبتاً کم دباؤ کو ظاہر کرتا ہے، جبکہ نارنجی رنگ اس سے زیادہ ٹریفک اور ممکنہ تاخیر کی نشاندہی کرتا ہے۔
جب کسی شاہراہ یا سڑک پر سرخ رنگ نمایاں ہو تو یہ زیادہ ٹریفک کے باعث سفر میں رکاوٹ کا اشارہ ہوتا ہے۔ اگر سرخ رنگ ہلکا ہو تو اس سے مراد یہ ہوتی ہے کہ ٹریفک کا دباؤ بڑھ چکا ہے، جبکہ گہرا سرخ رنگ شدید ٹریفک جام اور طویل انتظار کی نشاندہی کرتا ہے۔
گوگل نقشوں میں نیلا رنگ ٹریفک کی کیفیت نہیں بلکہ راستے کی رہنمائی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ گہرا نیلا رنگ اس راستے کو ظاہر کرتا ہے جسے ایپ نے آپ کے لیے بہترین یا منتخب راستہ قرار دیا ہوتا ہے، جبکہ ہلکا نیلا رنگ متبادل راستوں کی نشاندہی کرتا ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر صارف دوسرا راستہ اختیار کر سکے۔
ماہرین کے مطابق اگر صارفین گوگل نقشوں میں استعمال ہونے والے ان رنگوں کے مفہوم سے آگاہ ہوں تو وہ سفر سے پہلے بہتر منصوبہ بندی کر سکتے ہیں، ٹریفک جام سے بچ سکتے ہیں اور اپنی منزل تک کم وقت میں پہنچنے کے لیے موزوں راستے کا انتخاب کر سکتے ہیں۔