یوٹیوب نے صارفین کے لیے نیا کارآمد ٹول متعارف کرا دیا
گوگل کی زیر انتظام دنیا کی سب سے بڑی ویڈیو شیئرنگ ایپلیکیشن یوٹیوب نے صارفین کے دیرینہ مطالبے کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک اہم سہولت متعارف کرا دی ہے، جس کے تحت اب مختصر ویڈیوز کے لیے تھمب نیل تبدیل کرنا پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ آسان ہو جائے گا۔ اس نئے فیچر کا مقصد تخلیق کاروں کو اپنی ویڈیوز کو زیادہ نمایاں اور ناظرین کے لیے پرکشش بنانے میں مدد فراہم کرنا ہے۔
کمپنی کی جانب سے جاری کیے گئے نئے اوزاروں کے ذریعے ایسے صارفین، جو یوٹیوب پارٹنر پروگرام کا حصہ ہیں اور اپنی ویڈیوز سے آمدنی حاصل کر رہے ہیں، اب اپنی شارٹس ویڈیوز کے لیے مرضی کے مطابق تھمب نیل تصویر منتخب اور شامل کر سکیں گے۔ اس سہولت سے مختصر ویڈیوز کو ناظرین کی توجہ حاصل کرنے میں مزید مدد ملنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
یوٹیوب کے مطابق ان صارفین کو پہلے سے شائع شدہ شارٹس ویڈیوز کے تھمب نیلز میں بھی تبدیلی کرنے کی سہولت دی جا رہی ہے۔ اس مقصد کے لیے انہیں کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ پر یوٹیوب اسٹوڈیو کے ذریعے اپنی ویڈیوز کے تھمب نیلز تبدیل کرنے کا اختیار حاصل ہوگا، جس سے پرانی ویڈیوز کو بھی نئی انداز میں پیش کیا جا سکے گا۔
کمپنی نے بتایا کہ کمپیوٹر پر صارفین کو ویڈیو سے منتخب کیے گئے 3 مختلف فریمز تجویز کیے جائیں گے، جن میں سے وہ کسی ایک کو تھمب نیل کے طور پر منتخب کر سکیں گے۔ یہ سہولت طویل دورانیے کی ویڈیوز میں پہلے سے موجود تھی، تاہم اب پہلی مرتبہ اسے شارٹس ویڈیوز کے لیے بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب موبائل ایپ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے موجودہ طریقہ کار برقرار رکھا گیا ہے، جس کے تحت وہ ویڈیو کے کسی بھی فریم کو بطور تھمب نیل منتخب کر سکتے ہیں۔ اس حوالے سے کسی نئی پابندی یا تبدیلی کا اعلان نہیں کیا گیا۔
یوٹیوب کا کہنا ہے کہ تجویز کیے جانے والے تھمب نیلز ویڈیو کے موضوع، انداز اور مواد کو مدنظر رکھتے ہوئے منتخب کیے جائیں گے تاکہ وہ ویڈیو کی بہتر نمائندگی کر سکیں اور ناظرین کے لیے زیادہ مؤثر ثابت ہوں۔
کمپنی نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ فی الحال یہ فیچر صرف یوٹیوب پارٹنر پروگرام سے وابستہ تخلیق کاروں کے لیے دستیاب ہے، تاہم آئندہ مرحلے میں اسے بتدریج دیگر صارفین تک بھی توسیع دی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس نئی سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔