| |

ایران کا کویت میں امریکی فوجی اڈے پر ڈرون حملے کا دعویٰ، کشیدگی بڑھنے کا خدشہ

تہران: ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے کویت میں قائم امریکی فوج کے اہم اڈے احمد الجابر ایئربیس پر ڈرون حملہ کیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق ایرانی حکام کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ یہ کارروائی حالیہ امریکی حملوں کے ردعمل میں کی گئی، تاہم اس حوالے سے امریکا اور کویت کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔

ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حملے کے دوران ایئربیس پر موجود ہینگرز، سیٹلائٹ کمیونیکیشن نظام اور فوجی سازوسامان کے گوداموں کو ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ یہ حملہ جزیرہ قشم پر ایک رہائشی مکان کو نشانہ بنانے والے امریکی حملے کے جواب میں کیا گیا۔

بیان میں احمد الجابر ایئربیس کو خطے میں امریکی فضائی نگرانی، انٹیلی جنس سرگرمیوں اور فوجی کارروائیوں کا اہم مرکز قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ اسی وجہ سے اس تنصیب کو ہدف بنایا گیا، تاہم ایران نے حملے کے نتیجے میں ہونے والے ممکنہ نقصانات یا جانی نقصان کی کوئی تفصیل فراہم نہیں کی۔

دوسری جانب آزاد ذرائع سے بھی ایرانی دعوے کی تصدیق نہیں ہو سکی۔

علاقائی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر اس حملے کی تصدیق ہوتی ہے تو خلیجی خطے میں پہلے سے موجود کشیدگی مزید شدت اختیار کر سکتی ہے، جس کے اثرات امریکا، ایران اور ان کے اتحادیوں کے درمیان جاری تنازع پر بھی مرتب ہونے کا امکان ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *