یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی
|

یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی: نوجوانوں کیلئے روزگار اور تعلیم کا بڑا اعلان

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کی پہلی یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوانوں کو جدید تعلیم اور روزگار کے مواقع سے جوڑنا وقت کی اہم ضرورت ہے، اگر نوجوانوں کو جدید تعلیم کے سفر میں شامل نہ کیا گیا تو پاکستان دیگر ممالک سے پیچھے رہ جائے گا۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ رواں مالی سال نوجوانوں کی ترقی کیلئے خاطر خواہ رقم مختص کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بچوں کو تعلیم کے یکساں مواقع فراہم نہ کیے جائیں تو یہ قائداعظم کے پاکستان کے تصور سے مطابقت نہیں رکھتا۔

وزیراعظم نے تعلیمی شعبے میں طبقاتی فرق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کے غریب اور دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے بچوں کو بھی معیاری تعلیم تک رسائی ملنی چاہیے۔ انہوں نے دانش اسکولوں کے منصوبے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کا دائرہ دیگر صوبوں کے ساتھ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان تک بھی بڑھایا جا رہا ہے۔

خواتین اور اسٹارٹ اپس کیلئے خصوصی کوٹہ
وزیراعظم شہباز شریف نے بتایا کہ نئی پالیسی کے تحت مجموعی لیبر فورس میں خواتین کیلئے 35 فیصد کوٹہ مختص کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ہر سال اسٹارٹ اپس کیلئے بھی 10 فیصد کوٹہ رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے، جس سے نوجوانوں کو کاروباری سرگرمیوں میں آگے بڑھنے کے مواقع ملیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں دانش یونیورسٹی بھی قائم کی جا رہی ہے، جہاں اگلے سال سے کلاسز شروع ہونے کی توقع ہے۔ وزیراعظم کے مطابق یونیورسٹی میں جدید تعلیم فراہم کی جائے گی اور مالی مشکلات کا شکار لیکن اچھے نمبروں والے طلبہ کیلئے بھی داخلے کے مواقع موجود ہوں گے۔

لاکھوں نوجوانوں کو لیپ ٹاپ اور کروم بکس دینے کا اعلان
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اب تک میرٹ کی بنیاد پر 7 لاکھ لیپ ٹاپ بچوں میں تقسیم کر چکی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ رواں سال بھی میرٹ پر ڈھائی لاکھ طلبہ و طالبات کو کروم بکس انعام کے طور پر دی جائیں گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ نوجوانوں کی تعلیم، ترقی اور روزگار کیلئے حکومت ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ ان کے مطابق نئی پالیسی کا مقصد نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرکے انہیں ملکی معیشت میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنانا ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *