حج 2027: نجی حج آپریشن کے لیے نیا ڈیجیٹل نظام نافذ کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد: حج 2027 کے لیے نجی حج آپریشن کو ڈیجیٹل نظام کے تحت چلانے کا فیصلہ کرلیا گیا، جس کا مقصد شفافیت اور مؤثر نگرانی یقینی بنانا ہے۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق آئندہ حج کے لیے سعودی عرب کے نسک مسار نظام کے مطابق نجی حج آپریشن کا نیا ڈیجیٹل نظام نافذ کیا جائے گا۔
نئے طریقہ کار کے تحت نجی حج کی بکنگ براہ راست نجی حج آپریٹرز کے بجائے وزارت مذہبی امور کے توسط سے کی جائے گی۔ حکام کے مطابق اس اقدام سے حج بکنگ سمیت دیگر متعلقہ معاملات کو ایک منظم ڈیجیٹل نظام کے ذریعے چلانے میں مدد ملے گی۔
ذرائع کے مطابق حج 2027 میں پہلی مرتبہ سرکاری حج کے ساتھ نجی حج آپریشن بھی وزارت مذہبی امور کی براہ راست نگرانی میں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس مقصد کے لیے نجی حج اسکیم کو وزارت مذہبی امور کی سرکاری پاک حج ایپ کے ذریعے چلایا جائے گا۔ اس نظام کے تحت عازمین حج کی بکنگ اور دیگر متعلقہ امور کو ڈیجیٹل انداز میں منظم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ نئے نظام کا بنیادی مقصد نجی حج آپریشن میں شفافیت پیدا کرنا، نگرانی کا مؤثر طریقہ کار قائم کرنا اور عازمین حج کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔
حکام کے مطابق حج 2027 کے لیے سعودی عرب کے نسک مسار نظام سے ہم آہنگ ڈیجیٹل طریقہ کار نجی حج آپریشن کی نگرانی اور انتظامی معاملات کو مزید منظم بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔
نئے نظام کے نفاذ سے نجی حج بکنگ کے عمل میں وزارت مذہبی امور کا کردار مزید بڑھ جائے گا، جبکہ عازمین حج سے متعلق معاملات کو ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے مانیٹر کرنے کی کوشش کی جائے گی۔