صوابی میں اسکول کے اندر جعلی سگریٹ فیکٹری پر ایف بی آر کا چھاپہ، بھاری مقدار میں سامان برآمد
صوابی: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ضلع صوابی کے علاقے منصب دار میں ایک اسکول کی عمارت کے اندر قائم جعلی سگریٹ تیار کرنے والی فیکٹری پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں مشینری اور خام مال برآمد کر لیا۔

ایف بی آر حکام کے مطابق کارروائی کے دوران ایک سگریٹ بنانے کی مشین، ایک ایچ ایل پی سگریٹ پیکنگ مشین، دو سیلوفین ریپنگ مشینیں، ایک بنڈل پیکنگ مشین، بڑی تعداد میں جعلی سگریٹ، 400 کلوگرام کٹا ہوا تمباکو، گوند کے تین ڈرم اور جعلی ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم (TTS) اسٹیکرز سے بھرے دو تھیلے قبضے میں لے لیے گئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ضبط کیے گئے تمام سامان کو تحویل میں لے کر مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے، جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں تاکہ اس غیر قانونی نیٹ ورک میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔