12 اگست کو مکمل سورج گرہن، کیا پاکستان میں نظر آئے گا؟
اسلام آباد: 12 اگست 2026 کو دنیا کے مختلف حصوں میں مکمل سورج گرہن کا نایاب فلکیاتی منظر دیکھا جائے گا، تاہم پاکستانی شہری اسے براہ راست نہیں دیکھ سکیں گے۔
سورج گرہن اس وقت رونما ہوتا ہے جب چاند زمین اور سورج کے درمیان آجاتا ہے اور سورج کی روشنی کو کچھ دیر کے لیے مکمل یا جزوی طور پر ڈھانپ لیتا ہے۔ 12 اگست کو ہونے والے اس گرہن میں دنیا کے مختلف علاقوں میں فلکیاتی منظر قابلِ دید ہوگا۔
پاکستان میں مکمل سورج گرہن نظر نہ آنے کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ گرہن کے اہم مراحل کے دوران یہاں رات کا وقت ہوگا۔ فراہم کردہ معلومات کے مطابق پاکستانی وقت کے مطابق جزوی گرہن کا آغاز رات 8 بج کر 34 منٹ پر ہوگا، جبکہ مکمل گرہن رات 9 بج کر 58 منٹ پر شروع ہوگا۔
گرہن اپنے عروج پر رات 10 بج کر 46 منٹ پر پہنچے گا اور مکمل مرحلہ رات 11 بج کر 34 منٹ پر ختم ہوجائے گا۔
کن ممالک میں سورج گرہن دکھائی دے گا؟
12 اگست کو گرین لینڈ، آئس لینڈ، شمالی روس، اسپین اور پرتگال کے بعض علاقوں میں مکمل سورج گرہن دیکھا جاسکے گا۔ اس کے علاوہ شمالی امریکا کے مختلف علاقوں، کینیڈا، یورپ کے بیشتر حصوں اور شمال مغربی افریقہ میں جزوی گرہن نظر آنے کی توقع ہے۔
ناسا کے مطابق یورپ اور افریقہ کے مغربی علاقوں میں گرہن کے دوران سورج غروب ہونے کا وقت بھی ہوگا، جس سے آسمان پر ایک منفرد منظر دیکھنے کو مل سکتا ہے۔
پاکستانی شہری آن لائن کیسے دیکھ سکیں گے؟
پاکستان میں یہ فلکیاتی واقعہ براہ راست نظر نہیں آئے گا، تاہم ناسا کی جانب سے اس کی آن لائن براہ راست نشریات کی جائیں گی۔ پاکستانی شہری 12 اگست کی رات آن لائن اس نایاب منظر کا مشاہدہ کرسکتے ہیں۔
ماہرین نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ جن علاقوں میں سورج گرہن نظر آئے گا، وہاں اسے دیکھنے کے لیے عام چشمے کافی نہیں۔ سورج کی طرف براہ راست دیکھنے سے آنکھوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے، اس لیے مخصوص سولر گلاسز یا محفوظ فلٹر استعمال کرنا ضروری ہے۔