پاکستان ، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط
مکہ مکرمہ: پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے دفاعی تعاون کو نئی جہت دیتے ہوئے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ پر دستخط کر دیے۔ معاہدے پر سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان، وزیراعظم شہباز شریف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے مکہ مکرمہ میں منعقدہ سربراہی اجلاس کے دوران دستخط کیے۔
جاری اعلامیے کے مطابق یہ اعلیٰ سطحی اجلاس خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی دعوت پر منعقد ہوا، جس میں تینوں ممالک کے درمیان موجودہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی تعاون کے مختلف شعبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان تاریخی تعلقات، اسلامی اخوت، مشترکہ تزویراتی مفادات اور دفاعی شعبے میں طویل تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اس معاہدے کو حتمی شکل دی گئی ہے۔
مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ کے تحت تینوں ممالک نے اجتماعی سلامتی، دفاعی اشتراک اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔ اعلامیے کے مطابق معاہدے کا مقصد دفاعی تعاون کو وسعت دینا، سکیورٹی رابطوں کو مضبوط بنانا اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے مؤثر حکمت عملی اختیار کرنا ہے۔
معاہدے کی ایک اہم شق کے مطابق اگر تینوں ممالک میں سے کسی ایک پر مسلح حملہ ہوتا ہے تو اسے تمام رکن ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا اور اجتماعی دفاع کے اصول کے تحت مشترکہ ردعمل دیا جائے گا۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ دفاع، سکیورٹی، تربیت، مشترکہ مشقوں اور دیگر متعلقہ شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا تاکہ خطے میں پائیدار امن، سلامتی اور استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔