آزاد کشمیر محکمہ خزانہ کا الیکشن کمیشن کی پابندی کے باوجود تبادلے کا دفاع
مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر کے اے جے کے فنانس ڈیپارٹمنٹ نے انتخابی مدت کے دوران تبادلوں پر پابندی کے باوجود گریڈ 19 کے جوائنٹ ڈائریکٹر انڈسٹریز کی نشست میرپور سے مظفرآباد منتقل کرنے کے معاملے پر الیکشن کمیشن کو باضابطہ جواب جمع کرا دیا۔
محکمہ خزانہ نے اپنے جواب میں مؤقف اختیار کیا کہ جوائنٹ ڈائریکٹر انڈسٹریز کی نشست کی منتقلی کسی نئی اسامی کا قیام نہیں بلکہ صرف انتظامی ضرورت کے تحت کی گئی۔ محکمہ کا کہنا ہے کہ متعلقہ شعبے کی درخواست پر مالی منظوری دی گئی تاکہ انتظامی امور کو مؤثر انداز میں چلایا جا سکے۔
دوسری جانب ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اس تبادلے کے عمل میں محکمہ صنعت و تجارت کے سینئر اور جونیئر افسران نے اہم کردار ادا کیا۔ اطلاعات کے مطابق جوائنٹ ڈائریکٹر کا دفتر میرپور سے مظفرآباد منتقل کیا گیا جبکہ میرپور ڈویژن کے دفتری امور جونیئر افسر کے سپرد کر دیے گئے۔
ذرائع کے مطابق وزیر برائے صنعت و تجارت کے مشیر کو اس فیصلے سے مکمل طور پر آگاہ نہیں کیا گیا، جبکہ منظوری کے لیے بھیجی گئی سمری پر ممکنہ نتائج سے لاعلمی میں دستخط کیے گئے۔
یاد رہے کہ میرپور میں جوائنٹ ڈائریکٹر انڈسٹریز کا دفتر مقامی صنعتکاروں کی سہولت، سرکاری اداروں سے رابطے اور صنعتی معاملات کے فوری حل کے لیے قائم کیا گیا تھا۔ کاروباری حلقوں کا کہنا ہے کہ دفتر کی منتقلی سے میرپور ڈویژن کے سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کو سرکاری خدمات کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ذرائع نے یہ بھی الزام عائد کیا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ایک جونیئر افسر کو اعلیٰ عہدے کی ذمہ داریاں دینا تھا، جس سے محکمہ صنعت کی کارکردگی اور صنعتی شعبے کے انتظامی ڈھانچے پر منفی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب میرپور کے کاروباری اور صنعتی حلقوں نے اس فیصلے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ صنعتکاروں کی سہولت اور خطے کے صنعتی مفادات کو ترجیح دی جائے اور فیصلے پر نظرثانی کی جائے۔