|

دبئی ائیرپورٹ پر پاسپورٹ دکھائے بغیر سفر ممکن، اب پاسپورٹ دکھائے بغیر امیگریشن ممکن

دبئی: متحدہ عرب امارات نے فضائی سفر کو مزید آسان بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی جدید امیگریشن نظام متعارف کرا دیا، جس کے تحت مسافر پاسپورٹ یا دیگر سفری دستاویزات دکھائے بغیر چند سیکنڈ میں امیگریشن مراحل مکمل کر سکتے ہیں۔

دبئی ائیرپورٹ پر متعارف کرائے گئے اس جدید نظام میں مصنوعی ذہانت، بائیومیٹرک کیمروں اور فلائٹ ڈیٹا کا استعمال کیا جاتا ہے، جس کی بدولت مسافروں اور ان کے سامان کی جانچ پڑتال انتہائی کم وقت میں مکمل ہو جاتی ہے۔

یہ نظام ابتدائی طور پر ستمبر 2025 میں روانہ ہونے والی پروازوں کے مسافروں کے لیے متعارف کرایا گیا تھا، اب اسے بیرون ملک سے دبئی آنے والے مسافروں کے لیے بھی توسیع دے دی گئی ہے، جس سے امیگریشن کا عمل مزید تیز اور مؤثر ہو گیا ہے۔

نئے سسٹم کے تحت ایک وقت میں 10 مسافر بیک وقت بارڈر کنٹرول سے گزر سکتے ہیں۔ ٹرمینل تھری میں ریڈ کارپٹ راہداری سے گزرتے ہوئے مسافروں کو نہ پاسپورٹ دکھانے کی ضرورت ہوتی ہے، نہ ٹکٹ پیش کرنا پڑتا ہے اور نہ ہی امیگریشن کاؤنٹر پر رکنا پڑتا ہے۔

البتہ اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے مسافروں کو دبئی پہنچنے سے قبل اپنے پاسپورٹ کی معلومات اور چہرے کی شناخت (فیشل رجسٹریشن) مکمل کرانا لازمی ہے۔

حکام کے مطابق اس جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ایک مسافر کی کلیئرنگ اوسطاً صرف 3.4 سیکنڈ میں مکمل ہو جاتی ہے، جس سے ائیرپورٹ پر انتظار کا دورانیہ نمایاں طور پر کم ہو گیا ہے۔

دبئی ائیرپورٹس کے چیف ایگزیکٹو پال گریفتھ کا کہنا ہے کہ ائیرپورٹ نے جدید کیمرا ٹیکنالوجی پر سرمایہ کاری کی ہے، جس کے باعث مسافروں کو ملک میں داخلے یا روانگی کے دوران پاسپورٹ ہاتھ میں رکھنے، گیٹ ریڈرز استعمال کرنے یا دیگر روایتی مراحل سے گزرنے کی ضرورت نہیں رہتی۔

انہوں نے بتایا کہ اس جدید نظام کی آزمائش فی الحال فرسٹ کلاس مسافروں پر کی جا رہی ہے، اسے مرحلہ وار تمام مسافروں کے لیے دستیاب کر دیا جائے گا۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *