مکہ دفاعی معاہدہ کسی کے خلاف جارحیت نہیں،امن کو فروغ دینا ہے: وزیراعظم شہبازشریف
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مشترکہ مکہ دفاعی معاہدے کا مقصد جارحیت نہیں بلکہ خطے کی خوش حالی، امن کو فروغ دینا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کابینہ کو سہ ملکی معاہدے پر اعتماد میں لیا اور کہا کہ پاکستان کے عوام اور افواج اپنے سعودی بھائیوں کے ساتھ مل کر حرمین کی ذمہ داری ہمیشہ سے نبھاتے رہے ہیں۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ تین ممالک کے درمیان ہونے والے دفاعی معاہدے مقصد خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کو فروغ دینا ہے اس کا مقصد قطعی طور پر جارحیت نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ معاہدہ نہ صرف ان تین ممالک بلکہ پوری امت مسلمہ کے لیے باعث تقویت ہے۔
شہباز شریف نے معاہدے پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے کے لیے کئی برس سے کاوشیں جاری تھیں جو جمعے کو پایہ تکمیل پر پہہنچیں۔