ہمیں اپنی تاریخ
|

ہمیں اپنی تاریخ کو کسی صورت مسخ نہیں کرنا چاہیے، تاریخ سچ ہوگی تو ہم اس سے سبق سیکھیں گے: سعید غنی

کراچی: وزیر محنت و افرادی قوت و سماجی تحفظ سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ہمیں اپنی تاریخ کو کسی صورت مسخ نہیں کرنا چاہیے۔ ہمیں اپنے ملک کے بننے اور اس کے بعد کے حقائق کو سچ بتانا چاہیے تاکہ بچوں کو سچ سننے کی عادت ہو۔

سعید غنی  نے کہا کہ ماضی میں ہمارے ملک میں جو کچھ ہوا اس کے باوجود بھی آج ہمارا ملک دنیا کے کئی ممالک میں سر فہرست ہے۔ جس دن ہم نے یہ تہہ کرلیا کہ ہمیں سب کو سچ اور غلط کو غلط قرار دینا ہے اس دن ہم ایک کامیاب پاکستانی ہو جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تکریم اساتذہ فائونڈیشن کے تحت ڈی ای او آفس ڈسٹرکٹ ایسٹ میں منعقد ہونے والے یوم آزادی پاکستان کی تقریب سے بحثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ڈی او پرائمری اینڈ سیکنڈری، ڈسٹرکٹ ایسٹ کے تعلقہ ایجوکیشن آفیسرز، ڈسٹرکٹ ایسٹ کی مختلف اسکولوں کے طلبہ و طالبات، اساتذہ و پرنسپل و دیگر بھی شریک تھے۔

اس موقع پر اسکولوں کے طلبہ و طالبات نے یوم آزادی کی مناسبت سے ٹیبلوز اور قومی نغموں پر شاندار پرفامنس پیش کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ یہ ایک اچھی روایت ہے کہ آج پوری قوم اپنا جشن آزادی شایان شان طریقہ سے مناتی ہے اور جس طرح کا جذبہ آج اسکولوں کے طلبہ و طالبات میں دیکھا ہے وہ قابل ستائش ہے۔

سعید غنی نے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی میں جب ہم اسکول میں پڑھتے تھے تو جو کچھ ہمیں پاکستان بننے اور اس کے بعد کی چیزیں بتائی جاتی تھی ایسا کچھ نہیں تھا۔بچوں کی چھوٹی عمر میں جو چیزیں ان کے ذہنوں میں ڈال دی جائے تو وہ ہمیشہ ان کے ذہنوں میں رہتی ہیں ۔ ہمیں اپنے ملک کی تاریخ کے حوالے سے بچوں کو تمام حقائق بتانے چاہیے۔ پاکستان بننے اور اس کے بعد اس ملک کے ساتھ جو کچھ ہوتا رہا یہ سب ان بچوں کو بتانا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ حقیقت ہے کہ جب پاکستان بنا اس وقت ملک کے حالات اچھے نہیں تھے۔ ملک بننے کے بعد جس طرح کئی سالوں تک اس ملک کو چلایا گیا اس کی حقیقت بھی بچوں کو بتانی چاہیے۔ ہمیں اپنی تاریخ کو کسی صورت مسخ نہیں کرنا چاہیے، تاریخ سچ ہوگی تو ہم اس سے سبق سیکھیں گے۔

 صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے بارے میں جو منفی رول دکھایا گیا اصل میں یہ مثبت رول کو مسخ کرکے دکھایا گیا تھا۔ سعید غنی نے کہا کہ ہمیں بچوں کو سچ بتایا جائے تاکہ بچوں کو سچ سننے کی عادت ہو۔ ہمارے ملک میں مسائل کے باوجود بے شمار ملکوں سے ہمارا ملک آج بھی بہت اچھا ہے۔ ماضی میں جو کچھ اس ملک میں ہوا اس کے باوجود بھی آج ہمارا ملک دنیا کے کئی ممالک میں سر فہرست ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ آج اگر ہم اپنے آپ کو ٹھیک کرلیں تو یہ ملک خودبخود ٹھیک ہو جائے گا۔ ہمیں اپنی سوچ کو ٹھیک کرنا چاہیے، جس دن ہم نے یہ تہہ کرلیا کہ غلط کو غلط اور درست کو درست قرار دیں گے ہمارے سارے مسائل حل ہو جائیں گے ۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *