پاکستان کا تحفظ
|

پاکستان کا تحفظ، استحکام اور ترقی ہم سب کی ذمہ داری ہے، منعم ظفر

کراچی، 13 اگست: امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ پاکستان کا تحفظ، استحکام، تعمیر و ترقی اور اسے حقیقی معنوں میں ایک اسلامی و فلاحی ریاست بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ پاکستان محض ایک جغرافیائی خطے کا نام نہیں بلکہ ایک نظریے اور مقصد کے تحت حاصل کیا گیا ملک ہے، جس کے قیام کا مقصد عدل و انصاف، مساوات، دیانت اور اسلامی اصولوں کی بالادستی پر مبنی ریاست کا قیام تھا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ کراچی کے تحت وطن عزیز کے 80ویں یوم آزادی کے سلسلے میں آرٹس لابی جامعہ کراچی میں منعقدہ ’’آزادی فیسٹا 2026ء‘‘ کی تقریب سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کے موقع پر منعم ظفر خان نے طلبہ کے ہمراہ 1000 پاؤنڈ کا کیک بھی کاٹا۔

تقریب میں جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق، ٹاؤن چیئرمین گلشن اقبال ڈاکٹر فواد، ناظم جامعہ حذیفہ صدیقی سمیت طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور یوم آزادی کے حوالے سے قومی جذبے کا بھرپور اظہار کیا۔

منعم ظفر خان نے کہا کہ یوم آزادی محض جشن منانے کا دن نہیں بلکہ تجدید عہد کا دن ہے۔ ہمیں اس موقع پر عہد کرنا چاہیے کہ پاکستان کی نظریاتی اساس، آزادی، خودمختاری اور سالمیت کی حفاظت کریں گے اور اپنی تمام تر صلاحیتیں ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے بروئے کار لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی کو اپنے آپ سے یہ سوال کرنا چاہیے کہ کیا پاکستان اس لیے حاصل کیا گیا تھا کہ انگریزوں کی غلامی سے نکل کر وڈیروں، جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کی غلامی میں آ جائیں؟ ہمیں قیام پاکستان کے اصل مقصد کو سمجھنے اور اس کے مطابق اپنی قومی ذمہ داریاں ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان اور طلبہ ملک کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں۔ قوموں کی تعمیر و ترقی میں نوجوان نسل بنیادی کردار ادا کرتی ہے، اس لیے طلبہ کو تعلیم کے ساتھ ساتھ کردار سازی، نظم و ضبط، محنت، دیانت اور خدمت وطن کو بھی اپنی زندگی کا حصہ بنانا ہوگا۔

انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ عہد کریں کہ اپنے پاکستان کو بہتر سے بہتر بنانے کے لیے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے اور ملک و قوم کی خدمت کو اپنی زندگی کا مقصد بنائیں گے، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو دریا، سمندر، پہاڑ، جنگلات، معدنیات اور بے شمار قدرتی وسائل سمیت ہر طرح کی نعمتوں سے نوازا ہے۔ پاکستان عالم اسلام کے نقشے پر پہلی ایٹمی طاقت ہے، ہمیں یہ جائزہ لینے کی ضرورت ہے کہ جس مقصد کے لیے یہ ملک حاصل کیا گیا تھا، اس کے حصول میں ہمارا اپنا کردار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان سے قبل برصغیر کے طول و عرض میں ’’پاکستان کا مطلب کیا؟ لا الٰہ الا اللہ‘‘ کا نعرہ گونج رہا تھا۔ سات سال کی مختصر جدوجہد کے بعد برصغیر کی ملت اسلامیہ کی جدوجہد کا ثمر 14 اگست 1947ء کو پاکستان کی صورت میں سامنے آیا۔

منعم ظفر خان نے کہا کہ پاکستان وہ ملک ہے جس کا خواب علامہ اقبال نے دیکھا اور قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں نے اسے حاصل کیا۔ آج ہمیں اس ملک کو مضبوط، مستحکم اور ترقی یافتہ بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش مسائل سے مایوس ہونے کے بجائے پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ مشکلات ضرور ہیں لیکن مایوسی کی کوئی گنجائش نہیں، پاکستان کا مستقبل کل بھی روشن تھا اور آج بھی روشن ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ اگر نوجوان اپنی صلاحیتوں کو مثبت سمت میں استعمال کریں، تعلیم و تحقیق کو فروغ دیں اور ملک و قوم کی خدمت کو اپنا مقصد بنائیں تو پاکستان دنیا کی ترقی یافتہ اور باوقار اقوام میں نمایاں مقام حاصل کرسکتا ہے۔

تقریب کے دوران طلبہ و طالبات نے ملی جذبے کا اظہار کیا اور پاکستان کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے عزم کا اعادہ کیا۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *