ٹانک میں دہشت گردوں کا چیک پوسٹ پر حملہ‘ 15 جوان شہید‘ 12 خوارج ہلاک

راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک /بی بی سی رپورٹ) خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں پولیس اور فوج کی ایک مشترکہ چیک پوسٹ ’مانچھی خیل‘ پر شدت پسندوں کی جانب سے کیے گئے حملے کے نتیجے میں 12 فوجی اہلکاروں سمیت 15 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں2 پولیس اہلکار اور محکمہ جنگلات کا ایک اہلکار بھی شامل ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے ٹانک میں پولیس چیک پوسٹ پر بزدلانہ حملہ کیا تاہم سیکورٹی فورسزکی بروقت اور مؤثر کارروائی نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے۔ پاکستانی فوج کے مطابق ’حملہ آوروں نے اپنی ناکامی اور بوکھلاہٹ میں بارودی مواد سے بھری ایک گاڑی کو چیک پوسٹ کے حفاظتی احاطے کی دیوار سے ٹکرا دیا‘ جس کے نتیجے میں 12 فوجی اہلکاروں سمیت چیک پوسٹ پر موجود 15 افراد کی ہلاکت ہوئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جمعرات کی شب حملہ آوروں نے ابتدائی طور پر چیک پوسٹ کی سیکورٹی بریچ کرنے کی کوشش کی تاہم سیکورٹی فورسز کی جانب سے اس حملے کو ناکام بنایا گیا اور اس دوران فرار ہونے والے شدت پسندوں کا تعاقب کر کے انہیں نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 12 شدت پسند ہلاک ہوئے۔نمائندہ بی بی سی عزیز اللہ خان کے مطابق چیک پوسٹ پر ہوئے اس حملے کے نتیجے میں مانجھی خیل چیک پوسٹ مکمل طور پر منہدم ہو گئی ہے جبکہ حملے کے فوراً بعد زخمی اہلکاروں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔دوسری جانب سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے ضلع بھر میں سیکش 144 نافذ کر دیا ہے، جبکہ شہریوں سے گھروں میں رہنے اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ جمعہ کی دوپہر پولیس لائن ٹانک میں ہلاک ہونے والے 2 پولیس اہلکاروں، کانسٹیبل بلال خان اور کانسٹیبل طلحہ محمد، اور محکمہ جنگلات کے فارسٹ گارڈ نور اعظم کی نمازِ جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی۔نمازِ جنازہ میں انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید سمیت سرکاری و سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔آئی جی خیبر پختونخوا نے اس سے قبل شدت پسندوں کے اس حملے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کانسٹیبل عصمت اللہ، کانسٹیبل جسیم خان، کانسٹیبل داؤد خان اور کانسٹیبل پیر غلام کی عیادت کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ٹانک میں مشترکہ چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کی اور شہید ہونے والے وطن کے سپوتوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔وزیراعظم نے حملہ ناکام بنا کر12 خارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکورٹی فورسز کی تعریف کی۔ شہباز شریف نے 12 فوجیوں، 2 پولیس اہلکاروں اور محکمہ جنگلات کے اہلکار کی شہادت پر اظہار رنج و غم کیا۔وزیراعظم نے تمام شہدا کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ پاک سرزمین سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیے بغیر سکون سے نہیں بیٹھیں گے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *