تاجر برادری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے‘سردار عبدالرحیم
کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکرٹری جنرل سردار عبدالرحیم سے پاکستان مسلم لیگ فنکشنل بزنس فورم کراچی زون کے صدرعبدالقادر ہاشمانی اور بولٹن مارکیٹ تاجر برادری کے رہنما جنید باری نے ملاقات کی۔ ملاقات میں تاجروں کو درپیش مسائل، ملکی معاشی صورتحال اور حکومت کی معاشی پالیسیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سردار عبدالرحیم نے کہا کہ تاجر برادری پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔ ملکی ترقی، کاروباری سرگرمیوں، روزگار کی فراہمی اور قومی خزانے میں تاجروں کا کردار ہمیشہ بنیادی اہمیت کا حامل رہا ہے، لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ آج تاجر برادری اور عام شہری شدید معاشی دباؤ اور بے یقینی کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومتی معاشی پالیسیوں کے باعث کاروباری طبقہ بدترین مشکلات سے گزر رہا ہے۔ بلاجواز لوڈشیڈنگ، بجلی کے بلوں میں بھاری ٹیکسوں کی بھرمار، 200 یونٹ سے زائد بجلی استعمال کرنے والے صارفین پر اضافی سرچارجز، جبکہ پٹرولیم مصنوعات پر اصل قیمت سے کہیں زیادہ ٹیکس عائد کرکے عوام اور تاجروں پر ناقابلِ برداشت مالی بوجھ ڈال دیا گیا ہے۔ سردار عبدالرحیم نے کہا کہ ان پالیسیوں کے نتیجے میں مہنگائی میں بے تحاشا اضافہ ہوا، کاروباری سرگرمیاں سست روی کا شکار ہوئیں، صنعت و تجارت متاثر ہوئی اور عام آدمی کی قوتِ خرید مسلسل کم ہوتی جا رہی ہے۔ حکومت کی ناقص معاشی منصوبہ بندی نے نہ صرف تاجروں بلکہ مزدور، ملازم اور متوسط طبقے کی زندگی بھی شدید مشکلات سے دوچار کر دی ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر تاجروں اور عوام کو ریلیف فراہم کرے، بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات پر عائد غیر ضروری ٹیکسوں میں کمی کرے، توانائی کے بحران پر قابو پائے اور ایسی معاشی پالیسیاں اختیار کرے جو کاروبار، سرمایہ کاری اور روزگار کے فروغ کا سبب بنیں۔ اس موقع پر عبدالقادر ہاشمانی نے کہا کہ موجودہ حالات کسی بھی طور قابلِ قبول نہیں۔ اگر حکومت نے فوری طور پر عوام اور تاجر برادری کے مسائل حل کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات نہ کیے تو معاشی بحران مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ تاجروں اور عوام کو بے یار و مددگار چھوڑنے کے بجائے ان کے جائز حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔سردار عبدالرحیم نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (فنکشنل) کی قیادت نے ہمیشہ عوام، کسانوں، مزدوروں اور تاجر برادری کے حقوق کے لیے آواز بلند کی ہے۔ پارٹی کرپشن، لوٹ مار، ناانصافی، اقربا پروری، تعصب اور نفرت کی سیاست کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور ہر فورم پر عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔