پاکستان اور ایران کا دو طرفہ تجارت 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کا عزم

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اور ایران نے دوطرفہ تجارت کو 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان اور ایران کے درمیان مشترکہ تجارتی کمیٹی (جوائنٹ ٹریڈ کمیٹی) کا 10واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں دونوں ممالک نے دوطرفہ تجارت کا حجم 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس اہم اجلاس میں باہمی اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے اور تجارتی روابط مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تاریخی برادرانہ تعلقات کو مضبوط معاشی شراکت داری میں تبدیل کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پاک۔ایران فری ٹریڈ ایگریمنٹ کو جلد حتمی شکل دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سرگرمیوں میں مزید وسعت آئے گی۔ جام کمال خان نے کہا کہ سرحدی لاجسٹکس، کسٹمز اور کارگو نقل و حرکت میں حائل رکاوٹوں کا خاتمہ ناگزیر ہے تاکہ تجارتی عمل کو مزید آسان اور مؤثر بنایا جا سکے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مشترکہ سرحدی منڈیوں کے قیام اور الیکٹرانک ڈیٹا انٹرچینج کے نظام سے دوطرفہ تجارت میں نمایاں اضافہ ممکن ہوگا۔

 

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *