شفاف انتخابات تک بڑی آئینی تبدیلی قبول نہیں‘ سلمان اکرم راجا
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ ملک کی معیشت، مزدور اور کسان بدحال ہیں، نئے صوبے بنانے پر بحث ہو سکتی ہے، تاہم شفاف انتخابات سے پہلے کوئی بڑی تبدیلی نہیں ہونی چاہیے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے کہا کہ موجودہ پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیاں عوام کی حقیقی نمائندہ نہیں ہیں، ایک جھوٹے الیکشن کے ذریعے مصنوعی نظام قائم کیا گیا۔ جب تک ملک میں شفاف انتخابات نہیں ہوتے اور عوام کے حقیقی نمائندے اسمبلیوں میں نہیں آتے، کوئی بڑی آئینی یا سیاسی تبدیلی نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بالخصوص بانی پی ٹی آئی سے مکالمہ کیے بغیر، انہیں اس عمل میں شامل کیے بغیر اور ان کی رضامندی کے بغیر کوئی بڑا فیصلہ نہیں ہونا چاہیے۔ سلمان اکرم راجا نے کہا کہ ان کا پہلا مطالبہ بانی پی ٹی آئی کا علاج اور انہیں اسپتال منتقل کرنا ہے، اس کے بعد ان کی رہائی اور ان پر قائم مقدمات ختم کیے جائیں، بانی پی ٹی آئی کے قومی سیاست میں کردار کو تسلیم کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ 27 ستمبر کی کال ہرگز ایک دن کی کال نہیں ہوگی، اب گھروں سے باہر نکلنا ہوگا، ان کا کہنا تھا کہ انقلاب صرف سیاسی جماعتیں نہیں لاتیں بلکہ پوری قوم لاتی ہے، اس لیے پوری قوم کو اس جدوجہد میں ساتھ دینا ہوگا۔