شاپنگ کے لیے 69 سالہ شخص ہیلی کاپٹر اڑا کر اسٹور پہنچ گیا
وسکنسن: امریکا میں ایک 69 سالہ شخص نے بازار سے خریداری کے لیے جانے کا ایسا انوکھا طریقہ اختیار کیا کہ مقامی حکام بھی حیران رہ گئے۔ عام طور پر لوگ قریبی دکان تک جانے کے لیے پیدل یا گاڑی کا استعمال کرتے ہیں لیکن اس شخص نے ڈرائیونگ کا فاصلہ زیادہ محسوس ہونے پر ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسٹور پہنچنے کا فیصلہ کیا۔
امریکی ریاست وسکنسن کی واشنگٹن کاؤنٹی کے حکام کے مطابق ایک شخص کو آؤٹ ڈور ریٹیل اسٹور سے خریداری کرنی تھی، اس نے گاڑی کے ذریعے سفر کرنے کے بجائے ہیلی کاپٹر اڑانے کو ترجیح دی،مذکورہ شخص کا تعلق علاقے Rosendale سے تھا اور وہ تقریباً 50 میل دور واقع دکان تک ہیلی کاپٹر کے ذریعے پہنچا۔
مقامی پولیس کے مطابق شہریوں کی جانب سے شکایات موصول ہوئی تھیں کہ ایک ہیلی کاپٹر کو دکان کے باہر پارک کیا گیا ہے۔ شکایات کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر معاملے کی جانچ کی تو معلوم ہوا کہ ہیلی کاپٹر ایک 69 سالہ شخص نے خود اڑایا تھا جو خریداری کے لیے وہاں آیا تھا۔
حکام کے مطابق مذکورہ اسٹور تک گاڑی کے ذریعے پہنچنے میں تقریباً ایک گھنٹہ لگتا تھا جبکہ اس شخص نے وقت بچانے کے لیے فضائی راستہ اختیار کیا،شخص نے ہیلی کاپٹر کو محفوظ طریقے سے لینڈ کیا اور اس دوران کسی قسم کے حفاظتی قوانین کی خلاف ورزی نہیں کی۔
پولیس کے مطابق 69 سالہ شخص کے پاس باقاعدہ پائلٹ لائسنس موجود تھا اور اس نے ہیلی کاپٹر اڑانے کے دوران امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کے تمام قواعد و ضوابط پر عمل کیا۔ اسی وجہ سے اسے کسی قانونی کارروائی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ اگرچہ غیر معمولی ضرور تھا، اس میں کوئی خطرناک صورتحال پیدا نہیں ہوئی، یہ محض شاپنگ کے لیے سفر کرنے کا ایک منفرد انداز تھا جس میں اس شخص نے ٹریفک سے بچنے کے لیے فضائی راستہ اختیار کیا۔
واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر بھی اس شخص کے انداز سفر پر دلچسپ تبصرے کیے جا رہے ہیں۔ کئی صارفین نے اسے مہنگا اور غیر معمولی طریقہ قرار دیا، جبکہ کچھ نے اسے وقت بچانے کا منفرد حل قرار دیا، اس واقعے میں کسی نقصان یا عوامی تحفظ کو خطرہ لاحق نہیں ہوا، ایسے معاملات میں فضائی قوانین اور حفاظتی اصولوں پر عمل کرنا انتہائی ضروری ہوتا ہے۔