پاکستان کے پہلے ڈیجیٹل ریٹیل بینک کے قیام کی راہ ہموار، سرمایہ کاری میں بڑا اضافہ
اسلام آباد: پاکستان کے پہلے ڈیجیٹل ریٹیل بینک کے قیام کی جانب اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ہیوگو بینک کے پیڈ اپ کیپیٹل میں ڈیڑھ ارب روپے اضافے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نئی سرمایہ کاری کے بعد بینک کے کمرشل آپریشنز کے آغاز کی راہ مزید ہموار ہو گئی ہے، جبکہ منصوبہ ملک میں ڈیجیٹل بینکاری کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے مطابق ہیوگو بینک کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے ڈیجیٹل ریٹیل بینک قائم کرنے کے لیے پہلے ہی اصولی منظوری مل چکی ہے۔ تازہ سرمایہ کاری کے بعد بینک اپنی تجارتی سرگرمیوں کے آغاز کی تیاریوں کو مزید تیز کرے گا۔
ایس ای سی پی نے بتایا کہ اس منصوبے کے پیچھے پاکستانی اور سنگاپوری سرمایہ کاروں پر مشتمل ایک کنسورشیم کام کر رہا ہے، جو مجموعی طور پر 60 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔ ادارے کے مطابق اس اقدام سے پاکستان کے ڈیجیٹل مالیاتی شعبے میں مسابقت بڑھے گی اور جدید بینکاری خدمات کی فراہمی میں بھی تیزی آئے گی۔
حکام کے مطابق ہیوگو بینک اپنی خدمات روایتی برانچوں کے بجائے موبائل ایپلی کیشنز اور آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے فراہم کرے گا۔ یوں صارفین کو برانچ لیس بینکاری کی سہولت میسر آئے گی، جس سے مالیاتی خدمات تک رسائی مزید آسان اور تیز ہو جائے گی۔
ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل بینکنگ کے فروغ سے صارفین کو کم لاگت، تیز رفتار اور جدید مالیاتی خدمات فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔ مزید یہ کہ نئے ڈیجیٹل بینک کی آمد سے ملک میں مالیاتی شعبے میں جدت، مقابلے کا رجحان اور ڈیجیٹل معیشت کی ترقی کو بھی تقویت ملنے کی توقع ہے۔